جموں و کشمیر میں نماز جمعہ پرامن ، موبائل سروس بحال

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-09-2021
جموں و کشمیر میں نماز جمعہ پرامن ، موبائل سروس بحال
جموں و کشمیر میں نماز جمعہ پرامن ، موبائل سروس بحال

 


سری نگر: علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کی ہلاکت کے بعد جمعہ کو وادی کشمیر میں امن و امان کی صورتحال عام طور پر پرامن تھی۔

لہٰذا اب حکام کی جانب سے پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی پر غور کیا جا رہا ہے۔

جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ جمعہ کو کسی بھی ناخوش گوار واقعہ کے بغیر حالات مکمل طور پر کنٹرول میں رہے۔

کشمیر کے انسپکٹر جنرل وجئے کمار نے کہا کہ جمعہ کی رات 10 بجے تک تمام موبائل فونز پر وائس کالز اور انٹرنیٹ کی سہولت بحال ہو جائے گی۔

سری نگر کے حیدر پورہ قبرستان میں گیلانی کی تدفین کے بعد حکام نے جمعرات کو پوری وادی میں پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی تھیں۔

تاہم پوسٹ پیڈ بی ایس این ایل موبائل فون پر وائس کالنگ دستیاب رہی اورانٹرنیٹ بھی بی ایس این ایل براڈ بینڈ کنکشن پر کام کر رہا تھا۔

وادی کی مقامی مساجد میں لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی۔

سری نگر شہر اور ضلع پلوامہ میں کچھ جگہوں سے پتھراؤ کرنے والے نوجوانوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے معمولی واقعات کی اطلاع ملی ہے ، لیکن حکام نے بتایا کہ ان کو فوری طور پر کسی بھی قسم کی چوٹ پہنچائے بغیر قابو میں کر لیا گیا۔

 اس کے علاوہ کشمیر یونیورسٹی نے ہفتہ کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔