آزادی صرف حقوق کا نام نہیں، بلکہ فرائض اور اتحاد کا پیام بھی ہے : وزیر اعظم مودی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-11-2025
آزادی صرف حقوق کا نام نہیں، بلکہ فرائض اور اتحاد کا پیام بھی ہے : وزیر اعظم مودی
آزادی صرف حقوق کا نام نہیں، بلکہ فرائض اور اتحاد کا پیام بھی ہے : وزیر اعظم مودی

 



کرمسد (گجرات): وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ یہ دن ملک کے شہریوں کو یاد دلاتا ہے کہ آزادی صرف حقوق تک محدود نہیں، بلکہ فرائض کی بجاآوری اور یکجہتی کی پکار سے بھی وابستہ ہے۔ وزیراعظم کا یہ پیغام گجرات کے ضلع آنند کے قصبے کرمسد میں ‘ایکتا مارچ’ کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پڑھ کر سنایا گیا۔

کرمسد بھارت کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا آبائی گاؤں ہے۔ گجرات حکومت، سردار پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر نرمدا ضلع کے کرمسد سے اسٹیچو آف یونٹی تک ایک ‘پدیاترا’ کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر پروین چودھری نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھا۔

وزیراعظم نے یاترا کے انعقاد پر ریاستی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پدیاتراؤں نے بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ مودی نے کہا، "قدموں کی آواز نے سماج کو یکجا کیا، عوام میں اعتماد پیدا کیا اور لاکھوں دلوں میں اتحاد کا جذبہ بیدار کیا۔ سردار پٹیل جانتے تھے کہ جب لوگ ایک ساتھ چلتے ہیں تو اختلافات پیچھے رہ جاتے ہیں اور راستہ خود وسیع ہوجاتا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند اتفاق ہے کہ ‘ایکتا مارچ’ یومِ آئین کے روز منعقد کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی محض حقوق سے نہیں، بلکہ فرائض سے بھی جڑی ہے، اور یہ اتحاد کی پکار بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ہر اس کوشش میں قومی اتحاد کی روشن مثال دیکھتے ہیں جس میں شہری رضاکارانہ طور پر حصہ لیتے ہیں چاہے وہ ڈیجیٹل انڈیا ہو، فٹ انڈیا، سواتھ بھارت ابھیان یا 'ایک پیڑ ماں کے نام' جیسی عوامی شمولیت والی مہمات۔

مودی نے کہا کہ 2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کا عزم نوجوانوں کی توانائی، عوام کی یکجہتی اور اختراع سے ہی مکمل ہوگا۔ وزیر اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ ‘ایکتا مارچ’ قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا، ایکتا مارچ لوگوں کو اس بات کی ترغیب دے گا کہ وہ ملک اور سماج کی بھلائی کے لیے اپنی منزلوں کو بھارت کی ترقی سے وابستہ کریں۔ اس موقع پر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کو اپنی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا سمیت کئی معزز شخصیات کی موجودگی میں مارچ کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق ‘پدیاترا’ 5 دسمبر کو ایکتا نگر میں واقع اسٹیچو آف یونٹی پر اختتام پذیر ہوگی، اور اس میں روزانہ تقریباً 15 ہزار افراد شریک ہوں گے۔