نئی دہلی: راجستھان میں اب تک 16,003 مریضوں کو مفت ڈائلیسس کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ حکام نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق ڈائلیسس خدمات کے تحت تقریباً 21.11 کروڑ روپے مالیت کی طبی سہولت مفت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں گردے کے مریضوں کو آسانی سے اور مفت ڈائلیسس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ریاست میں اب تک 16,003 مریضوں کو مجموعی طور پر 1,17,258 ’ڈائلیسس سیشن‘ کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ان خدمات کے تحت مریضوں کو فراہم کی گئی طبی سہولت کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 21.11 کروڑ روپے ہے۔ وزیر اعظم قومی ڈائلیسس پروگرام (پی ایم این ڈی پی) کے تحت ریاست کے 35 ضلعی اسپتالوں میں 149 ڈائلیسس مشینیں کام کر رہی ہیں۔ محکمہ طب و صحت کی پرنسپل سکریٹری گایتری راٹھوڑ نے کہا کہ مالی سال 2026-27 میں اپریل سے اگست 2026 تک ریاست میں 4,265 مریضوں کو 31,675 ’ڈائلیسس سیشن‘ کی مفت سہولت دی جا چکی ہے۔
ان میں وزیر اعظم قومی ڈائلیسس پروگرام کے تحت 35 مراکز پر 3,489 مریضوں کے 25,860 سیشن اور بجٹ اعلان کے تحت نشان زد طبی اداروں میں 776 مریضوں کے 5,815 سیشن شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں 11,738 مریضوں کو 85,583 ڈائلیسس سیشن کی مفت سہولت فراہم کی گئی۔ ان میں وزیر اعظم قومی ڈائلیسس پروگرام کے 35 مراکز پر 8,507 مریضوں کے 65,148 سیشن اور بجٹ اعلان کے تحت نشان زد طبی اداروں میں 3,198 مریضوں کے 19,187 سیشن شامل ہیں۔
راٹھوڑ نے کہا کہ ریاستی بجٹ اعلان 2022-23 پر عمل درآمد کے تحت ریاست کے 182 طبی اداروں میں ہیموڈائلیسس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ ان میں سے 102 طبی اداروں میں یہ سہولت دستیاب ہے۔ باقی اداروں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تربیت دی جا رہی ہے اور 30 ستمبر 2026 تک یہ سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پرنسپل سکریٹری نے بتایا کہ سرکاری نظام کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے ذریعے بھی مفت ڈائلیسس خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ضلع اسپتال ندبئی (بھرت پور) اور سب ڈویژنل اسپتال سیوانا (بالوترا) میں ہنس فاؤنڈیشن، گروگرام کے تعاون سے یہ سہولت چلائی جا رہی ہے۔ سیوانا میں تین مشینوں کے ذریعے 12 مریضوں کے 575 سیشن، جبکہ ندبئی میں تین مشینوں کے ذریعے 21 مریضوں کے 673 سیشن کیے گئے ہیں۔