امپھال /آواز دی وائس
منی پور کے امپھال مغربی اور مشرقی اضلاع سے سیکیورٹی فورسز نے ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ دو اسلحہ اسمگلروں اور دو عسکریت پسندوں کو پکڑ لیا ہے۔ پولیس نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ممنوعہ تنظیم ’کانگلی یاول کننا لوپ‘ کے 41 سالہ سرگرم عسکریت پسند کو امفال مغربی ضلع کے فوملاؤ کیروئی میننگ میں واقع اس کے گھر سے منگل کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ عسکریت پسند ممنوعہ تنظیم میں لوگوں کو شامل کرنے کا کام کرتا تھا۔
افسر نے بتایا کہ امپھال مغربی ضلع کے لامفیل میں ایک کرایہ کے مکان سے ممنوعہ تنظیم کانگلی پاک کمیونسٹ پارٹی (ایم ایف ایل) کے 33 سالہ رکن کو بھتہ خوری کی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے الزام میں منگل کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے امفال مشرقی ضلع کے مختلف مقامات سے اسلحہ کی اسمگلنگ اور فروخت میں مبینہ ملوث ہونے کے الزام میں دو افراد کو پیر کے روز پکڑا۔
افسر نے بتایا کہ ملزمان کے پاس سے 9 ایم ایم کا ایک پستول اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
منی پور میں دو سال پہلے نسلی تشدد بھڑکنے کے بعد سے ہی سیکیورٹی فورسز ریاست میں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ منی پور میں مئی 2023 سے میتی اور کوکی-زو گروپوں کے درمیان ہوئے نسلی تصادم میں 260 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
مرکزی حکومت نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این۔ بیرین سنگھ کے استعفے کے بعد ریاست میں 13 فروری کو صدارتی راج نافذ کر دیا تھا۔
منی پور اسمبلی کی مدت 2027 تک ہے، لیکن فی الحال یہ معطل ہے۔
پارلیمنٹ نے منگل کو منی پور میں صدارتی راج چھ ماہ اور بڑھانے کے التزام والے قانونی قرارداد کو منظوری دے دی۔ منی پور میں 13 فروری 2025 کو آئین کے آرٹیکل 356 کے تحت نافذ صدارتی راج کو 13 اگست سے مزید چھ ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔