گرینیڈ حملے میں ملوث چار جنگجو اور ایک اعانت کار گرفتار : آئی جی کشمیر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 19-05-2022
گرینیڈ حملے میں ملوث چار جنگجو اور ایک اعانت کار گرفتار : آئی جی کشمیر
گرینیڈ حملے میں ملوث چار جنگجو اور ایک اعانت کار گرفتار : آئی جی کشمیر

 

 

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بارہ مولہ میں شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ سے وابستہ چار جنگجو اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی جی کشمیر وجے کمار کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے 23 گرینیڈ، پانچ پستول اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بارہ مولہ کے دیوان باغ علاقے میں منگل کی شام کو شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث چار لشکر جنگجو اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے بعدکئی افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا جبکہ آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالا گیا جس کے بعد پولیس نے ضلع کے کئی علاقوں میں چھاپہ ماری کی ۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گرینیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ کے چار سرگرم جنگجووں اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا ہے۔ اُن کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔

دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بارہ مولہ گرینیڈ حملے میں ملوث ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چار لشکر جنگجو اور اُن کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے پانچ پستول، 23 گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ ملی ٹینٹ ماڈیول کئی تخریبی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے. (ایجنسی)