چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
پنجاب پولیس نے امرتسر سے چھ افراد کو گرفتار کر کے منشیات اور اسلحہ سپلائی کرنے والے ایک گینگ کا بھانڈا پھوڑنے کا جمعرات کو دعویٰ کیا اور ان کے قبضے سے 4.03 کلو گرام ہیروئن اور دو پستول برآمد کیں۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) گورو یادو نے ’ایکس‘ پر کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چلائے گئے آپریشن میں امرتسر کمشنریٹ پولیس نے منشیات اور اسلحہ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔ سرحد پار سے ہیروئن اور اسلحہ سپلائی میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 4.03 کلو ہیروئن اور دو پستول (ایک گلاک 9 ایم ایم اور ایک .30 بور) برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش سے یہ پتہ چلا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے آقا، شاہ نامی شخص، جو پاکستان میں مقیم ہے، کے رابطے میں تھے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ ملزمان کھیمکرن اور فیروزپور سیکٹر میں ہیروئن اور اسلحے کی کھیپ وصول کر رہے تھے، جسے پاکستانی اسمگلر ڈرون کے ذریعے بھیج رہے تھے اور اسے امرتسر علاقے میں منتقل کیا جانا تھا۔
امرتسر کے گیٹ اسلام آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گینگ کا مکمل پردہ فاش کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔