پوروانچل ایکسپریس وے پرحادثہ: چار افراد جل کر ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-02-2022
پوروانچل ایکسپریس وے پرحادثہ: چار افراد جل کر ہلاک
پوروانچل ایکسپریس وے پرحادثہ: چار افراد جل کر ہلاک

 

 

لکھنو :اتر پردیش کے سلطان پور میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ پوروانچل ایکسپریس وے پر ایک کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی وجہ سے دھماکہ ہوا اور کار میں آگ لگ گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کار میں بیٹھے چاروں افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا اور وہ زندہ جل گئے۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم تب تک چاروں افراد زندہ جل چکے تھے۔

 ایک متوفی کی شناخت ہو گئی ہے۔ وہ لکھنؤ کے رہنے والے تھے۔ پولیس نے اس کے گھر والوں کو اطلاع کر دی ہے۔ باقی دو مرنے والوں کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کار میں سوار افراد مدد کے لیے چیختے رہے لیکن کسی نے بھیانک آگ میں انہیں بچانے کی ہمت نہیں کی۔

 کار غازی پور کی طرف جارہی تھی۔

یہ پورا معاملہ گوسائی گنج تھانہ علاقہ کے اروال کری کاروت گاؤں کا ہے۔ اتوار کی شام تقریباً سات بجے لکھنؤ سے غازی پور جا رہی ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔

 عینی شاہدین کے مطابق کار ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے فوراً بعد آگ لگ گئی۔ جس کی وجہ سے کار میں سوار چار افراد کار میں ہی جل کر ہلاک ہو گئے۔ اطلاع پر پہنچے یو پی ڈی اے کے سیکورٹی اہلکاروں نے سڑک حادثہ کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔ اس کے بعد گوسائی گنج تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فی الحال پولیس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

سی او جے سنگھ پور کے کے سروج نے بتایا کہ حادثہ پوروانچل ایکسپریس وے پر مائل اسٹون 127 کے قریب پیش آیا۔ نیلے رنگ کی کار (یو پی32 کے بی 7401) بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد آگ لگ گئی۔ گاڑی میں صرف چار لوگ تھے۔ سب مر چکے ہیں۔ کار نمبر کی بنیاد پر مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت مہیش نند کوٹھاری ولد آدتیہ کوٹھاری کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ لکھنؤ میں ٹپ ٹاپ ڈریسج کے قریب گیان بھون، کپورتھلا کا رہنے والا تھا۔ حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔