الفلاح یونیورسٹی کے بانی، جو دہلی دھماکے کے ملزم سے منسلک ہیں، منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2025
الفلاح یونیورسٹی کے بانی، دہلی ,منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار
الفلاح یونیورسٹی کے بانی، دہلی ,منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار

 



نئی دہلی:ای ڈی (Enforcement Directorate) نے منگل کے روز الفلاح گروپ کے بانی جواد احمد صدیقی کو مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا، جو الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ سے جڑا ہوا ہے۔تحقیقاتی ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ صدیقی کی گرفتاری منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) 2002 کی دفعہ 19 کے تحت کی گئی ہے۔ یہ کارروائی اس تفصیلی تحقیقات اور شواہد کے تجزیے کے بعد ہوئی، جو الفلاح گروپ سے متعلق مقامات پر کی گئی تلاشی کے دوران حاصل کیے گئے تھے۔ یہ پوری تفتیش فرید آباد کی الفلاح یونیورسٹی کی جانب سے مبینہ طور پر جعلی منظوری (accreditation) کے دعووں سے جڑی ہوئی ہے۔

کیا ہے یہ معاملہ؟

ای ڈی نے اپنی تحقیقات اُس وقت شروع کیں جب دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے جعل سازی اور دھوکہ دہی کے الزام میں دو ایف آئی آر درج کیں۔ یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) اور نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل (NAAC) نے سنگین خدشات ظاہر کیے تھے۔

ایف آئی آرز میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی نے اپنے آپ کو غلط طور پر UGC ایکٹ کی دفعہ 12(B) کے تحت تسلیم شدہ دکھایا، جب کہ اس اسٹیٹس کی مدد سے ادارے مرکزی گرانٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم تحقیقات کے دوران یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) نے واضح کیا کہ الفلاح یونیورسٹی صرف دفعہ 2(f) کے تحت ایک اسٹیٹ پرائیویٹ یونیورسٹی کے طور پر درج ہے۔ یونیورسٹی نے کبھی بھی دفعہ 12(B) میں شامل کیے جانے کے لیے درخواست نہیں دی اور نہ ہی وہ اس دفعہ کے تحت کسی قسم کی گرانٹ کی اہل ہے۔

ای ڈی کے مطابق الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ کی بنیاد 8 ستمبر 1995 کی ایک پبلک چیریٹیبل ٹرسٹ ڈیڈ کے ذریعے رکھی گئی تھی، جس میں جواد احمد صدیقی ابتدائی ٹرسٹیوں میں شامل تھے اور انہیں منیجنگ ٹرسٹی مقرر کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی اور کالجز سمیت تمام تعلیمی ادارے اسی ٹرسٹ کے ماتحت مالی طور پر یکجا ہیں، اور عملی طور پر ان تمام کا کنٹرول جواد احمد صدیقی کے پاس ہے۔

اگرچہ 1990 کی دہائی کے بعد یہ گروپ تیزی سے پھیل کر ایک بڑے تعلیمی نیٹ ورک میں تبدیل ہوگیا، لیکن محققین کے مطابق اس کی یہ توسیع “مناسب مالی بنیاد” پر قائم نہیں تھی۔