اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بی سی کھنڈوری انتقال کر گئے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-05-2026
اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بی سی کھنڈوری انتقال کر گئے
اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بی سی کھنڈوری انتقال کر گئے

 



دہرادون
اتراکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر رہنما بھون چندر کھنڈوری کا منگل کے روز 91 برس کی عمر میں ایک نجی اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ان کی بیٹی اور اتراکھنڈ اسمبلی کی اسپیکر رتو کھنڈوری بھوشن نے بتایا کہ کھنڈوری نے صبح تقریباً 11 بجے آخری سانس لی۔
بھون چندر کھنڈوری اپنے پس ماندگان میں اہلیہ ارونا، بیٹے منیش اور بیٹی رتو کھنڈوری بھوشن کو چھوڑ گئے ہیں۔ سابق وزیرِ اعلیٰ عمر سے متعلق بیماریوں میں مبتلا تھے اور حالیہ دنوں میں کئی مرتبہ اسپتال میں داخل کرائے گئے تھے۔
سیاست میں آنے سے پہلے کھنڈوری ہندوستانی فوج سے میجر جنرل کے عہدے پر سبکدوش ہوئے تھے۔ انہیں عوام میں ’’جنرل صاحب‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا اور وہ ایک نظم و ضبط کے پابند اور سخت منتظم کے طور پر مشہور تھے۔
بھون چندر کھنڈوری دو مرتبہ اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ رہے۔ پہلی بار وہ 2007 میں اس وقت وزیرِ اعلیٰ بنے جب بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے 2009 میں ریاست کی تمام پانچ لوک سبھا نشستوں پر پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد ازاں بی جے پی نے 2011 میں انہیں دوبارہ وزیرِ اعلیٰ مقرر کیا۔
کھنڈوری مرکزی وزیر بھی رہ چکے تھے۔ مرحوم سابق وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپائی کی کابینہ میں انہوں نے سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت سنبھالی تھی۔انہیں ’’گولڈن کواڈری لیٹرل‘‘ منصوبے کو کامیابی سے نافذ کرنے کا سہرا بھی دیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شاہراہوں کے ذریعے ہندوستان کے چاروں گوشوں کو آپس میں جوڑا گیا۔
اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سینئر رہنما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔دھامی نے کہا کہ کھنڈوری کا انتقال ریاستی اور قومی سیاست کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہندوستانی فوج میں اپنی خدمات کے دوران قومی خدمت، نظم و ضبط اور لگن کی بے مثال مثال قائم کی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کھنڈوری نے عوامی زندگی میں ترقی، بہتر حکمرانی، شفافیت اور صاف ستھری سیاست کی مضبوط شناخت قائم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے مفاد میں کئی اہم فیصلے کرکے انہوں نے ترقی کو نئی سمت دی۔انہوں نے کہا کہ کھنڈوری کی سادگی، صاف گوئی اور انتظامی صلاحیت ہمیشہ لوگوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔