سابق وزیرمکول رائے کا انتقال، پی ایم مودی، سی ایم ممتابنرجی کی تعزیت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2026
سابق وزیرمکول رائے کا انتقال، پی ایم مودی، سی ایم ممتابنرجی کی تعزیت
سابق وزیرمکول رائے کا انتقال، پی ایم مودی، سی ایم ممتابنرجی کی تعزیت

 



کولکاتا: وزیراعظم نریندر مودی نے سابق وزیر مکول رائے کے انتقال پر پیر کے روز گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے سیاسی تجربے اور سماج کی خدمت کے لیے کی گئی کوششوں کے سبب یاد رکھا جائے گا۔ رائے کا کولکاتا کے ایک اسپتال میں اتوار کی دیر رات دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ 71 برس کے تھے۔

مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’سابق مرکزی وزیر مکول رائے کے انتقال سے دکھی ہوں۔ انہیں ان کے سیاسی تجربے اور سماج کی خدمت کے لیے کی گئی کاوشوں کے لیے یاد کیا جائے گا۔ ان کے اہلِ خانہ اور حامیوں کے ساتھ میری تعزیت۔ اوم شانتی۔‘‘

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روز تجربہ کار رہنما مکول رائے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا طویل عرصے کا سیاسی ساتھی اور کئی تحریکوں میں شانہ بشانہ جدوجہد کرنے والا رفیق قرار دیا۔ بنرجی نے ’ایکس‘ پر بنگالی زبان میں کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ رائے کے انتقال سے ’’حیران اور غمزدہ‘‘ ہیں۔ انہوں نے یاد کیا کہ رائے نے ترنمول کانگریس کے قیام کے بعد سے انتھک محنت کی اور پارٹی کے ہر سطح پر قبولیت حاصل کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’تجربہ کار رہنما مکول رائے کے اچانک انتقال کی خبر سے میں صدمے میں ہوں اور بہت دکھی ہوں۔ وہ طویل عرصے تک میرے سیاسی ساتھی رہے اور متعدد سیاسی جدوجہد میں میرے ہمراہ رہے۔ ان کے انتقال کی خبر سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مکول رائے نے ترنمول کانگریس کے قیام کے وقت سے ہی اپنی زندگی پارٹی کے لیے وقف کر دی تھی۔

انہوں نے مرکزی وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں اور پارٹی کے تمام سطحوں پر انہیں پذیرائی حاصل تھی۔ بنرجی نے کہا کہ بعد میں انہوں نے ایک مختلف سیاسی راستہ اختیار کیا، لیکن پھر واپس لوٹ آئے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کی سیاست میں ان کی خدمات اور تنظیمی صلاحیتوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی دنیا، خواہ کسی بھی جماعت سے وابستہ ہو، ان کی کمی محسوس کرے گی۔

بنرجی نے رائے کے اہلِ خانہ اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے بیٹے سے اس غم کی گھڑی میں مضبوط رہنے کی اپیل کی۔ بنرجی کے بھتیجے اور ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی نے بھی رائے کے انتقال پر افسوس ظاہر کیا۔

ابھشیک بنرجی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’مکول رائے کے انتقال سے مغربی بنگال کی سیاسی تاریخ میں ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ وسیع تجربے کے حامل ایک سینئر رہنما کے طور پر ان کی خدمات نے ریاست کی عوامی اور سیاسی سفر کے ایک اہم مرحلے کو تشکیل دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’آل انڈیا ترنمول کانگریس کے بانی ستونوں میں سے ایک کی حیثیت سے انہوں نے تنظیم کے ابتدائی برسوں میں اس کے فروغ اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔

عوامی زندگی کے لیے ان کی وابستگی کو قدر کی نگاہ سے یاد کیا جائے گا۔ میں ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔‘‘ سابق مرکزی وزیر اور سابق راجیہ سبھا رکن مکول رائے کا اتوار کی دیر رات یہاں ایک نجی اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔

انہیں کبھی ممتا بنرجی کا سب سے معتمد ساتھی اور ترنمول کانگریس کا اہم حکمتِ عملی ساز سمجھا جاتا تھا۔ وہ کئی بیماریوں میں مبتلا تھے اور گزشتہ دو برسوں میں متعدد بار اسپتال میں داخل رہے تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ ذہنی تنزلی (ڈیمینشیا) کا بھی شکار ہو گئے تھے اور حال ہی میں کومہ میں چلے گئے تھے۔