نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی پہلی سرکاری رہائش گاہ اب فروخت ہو گئی ہے۔ لٹینز دہلی میں واقع یہ بنگلہ تقریباً 3.7 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔
لٹینز دہلی کے 17 موتی لال نہرو مارگ پر یہ بنگلہ واقع ہے، جسے پہلے یارک روڈ کہا جاتا تھا۔ یہ بنگلہ 14,973 مربع میٹر (تقریباً 3.7 ایکڑ) میں پھیلا ہوا ہے۔ اس بنگلے کو لے کر بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس بنگلے کو اب بیچ دیا گیا ہے۔ یہ ملک کی سب سے مہنگی رہائشی جائیداد کی ڈیل ہے۔
ایکنامکس ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بنگلے کے مالکان نے 1,400 کروڑ روپے مانگے تھے۔ تاہم ہندوستانی مشروبات کی صنعت سے جڑے ایک بڑے بزنس مین نے تقریباً 1,100 کروڑ روپے میں یہ سودا فائنل کیا ہے۔
بنگلے کا مالک کون؟
راج کماری ککڑ اور بینا رانی اس بنگلے کی موجودہ مالکن ہیں۔ یہ دونوں راجستھان کے ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ اکنامکس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قانونی عمل کے آخری مرحلے کے تحت ایک مشہور لاء فرم نے عوامی نوٹس جاری کیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہمارے کلائنٹ اس جائیداد (پلاٹ نمبر 5، بلاک نمبر 14، 17، موتی لال نہرو مارگ) کو خریدنے کے خواہش مند ہیں۔ اس جائیداد کی موجودہ مالکن راج کماری ککڑ اور بینا رانی ہیں۔ اگر کسی اور شخص کا اس جائیداد پر کوئی حق یا دعویٰ ہے تو وہ سات دنوں کے اندر دستاویزی ثبوت کے ساتھ ہمیں اطلاع دے۔ ورنہ یہ مانا جائے گا کہ اس جائیداد پر کسی کا کوئی مخالف دعویٰ نہیں ہے۔
۔14,973 مربع میٹر میں بنی اس وسیع جائیداد کو بیچنے کے بارے میں ایک سال سے بات چل رہی تھی۔ معاملے سے جڑے ایک شخص نے بتایا کہ اس کی لوکیشن، وی وی آئی پی اسٹیٹس اور سائز کو دیکھتے ہوئے یہ انتہائی قیمتی جائیداد ہے، لیکن قیمت کی وجہ سے صرف ارب پتی خریدار ہی اس میں دلچسپی دکھا سکتے تھے۔
یہ جائیداد لٹینز بنگلہ زون میں واقع ہے، جسے برطانوی آرکیٹیکٹ ایڈون لٹینز نے 1912 سے 1930 کے درمیان ڈیزائن کیا تھا۔ تقریباً 28 مربع کلومیٹر میں پھیلے اس علاقے میں تقریباً 3,000 بنگلے ہیں، جن میں زیادہ تر وزراء، جج اور سینئر سرکاری افسران رہتے ہیں۔ یہاں تقریباً 600 نجی جائیدادیں بھی ہیں، جو ہندوستان کے سب سے امیر لوگوں کے پاس ہیں۔ اس ڈیل کے مکمل ہونے کے بعد 17 موتی لال نہرو مارگ پر واقع یہ بنگلہ ملک کی سب سے مہنگی رہائشی پراپرٹی سیل کا نیا ریکارڈ بنا گیا ہے۔