رائے بریلی (اتر پردیش): اتر پردیش کے سابق وزیر سوامی پرساد موریہ پر بدھ کے روز اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ایک عوامی تقریب میں شرکت کے لیے رائے بریلی کے گول چوراہے پر پہنچے۔ جیسے ہی وہ اپنی کار سے اتر کر اپنے حامیوں کا خیر مقدم قبول کر رہے تھے، ایک شخص ان کے قریب آیا اور اچانک موقع پا کر ان کے سر پر زور دار تھپڑ رسید کر دیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا، لیکن وہاں موجود موریہ کے حامیوں نے فوراً اسے دبوچ لیا۔ بعد ازاں، اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جس شخص نے سوامی پرساد موریہ پر حملہ کیا، وہ کرنی سینا کا رکن ہے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب موریہ کو ان کے حامی پھولوں کی مالا پہنا کر استقبال کر رہے تھے۔
اسی دوران ایک نوجوان نے پہلے انہیں مالا پہنائی اور پھر اچانک تھپڑ مار دیا۔ اس واقعے پر موریہ کے حامی شدید غصے میں آ گئے اور حملہ آور کی سخت پٹائی کر دی۔ واقعے کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوامی پرساد موریہ گاڑی سے اترتے ہیں، ان کے حامی ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار کھڑے ہوتے ہیں۔
ایک شخص ان کے قریب آتا ہے، پہلے مالا پہناتا ہے اور پھر فوراً تھپڑ مار دیتا ہے۔ جیسے ہی وہ فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے، موریہ کے حامی اسے دبوچ لیتے ہیں۔ پولیس نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور حملے کی وجوہات اور پس منظر کی چھان بین کی جا رہی ہے۔