جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کا انتقال

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-08-2025
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کا انتقال
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کا انتقال

 



رانچی/ آواز دی وائس
جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبو سورین کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور دہلی کے گنگا رام اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ڈاکٹروں کی ایک مکمل ٹیم ان کی نگرانی کر رہی تھی، مگر پیر کی صبح انہوں نے ہمیشہ کے لیے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ پسماندہ طبقات کے اتنے بڑے لیڈر کے انتقال سے سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ جھارکھنڈ کے لیے بھی یہ ایک بہت بڑا نقصان مانا جا رہا ہے۔
گنگا رام اسپتال کی جانب سے شیبو  سورین کے انتقال پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شِبو سورین کو آج صبح 8:56 بجے مردہ قرار دیا گیا۔ وہ طویل بیماری کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ وہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور ڈیڑھ ماہ قبل انہیں فالج (اسٹروک) بھی آیا تھا۔ پچھلے ایک مہینے سے وہ لائف سپورٹ سسٹم پر تھے۔
وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے خود اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے اور گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہیمنت سورین نے لکھا کہ عزت مآب دیشوم گرو جی ہم سب کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں، آج میں خالی ہو گیا ہوں۔
اس کے علاوہ، کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبو  سورین کے انتقال پر کہا کہ شیبو سورین جی نہ صرف جھارکھنڈ بلکہ قومی سطح پر بھی قبائلیوں کی سب سے بڑی آواز، شناخت اور احترام کی علامت تھے… میں انہیں اپنی پُرنم آنکھوں سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ شیبو  سورین نے 38 برس تک جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی قیادت کی ہے اور وہ پارٹی کے بانی سرپرست کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اس دوران، پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم رام داس سورین کو دماغی فالج کے بعد دہلی کے اپولو اسپتال لے جایا گیا ہے۔
شیبو  سورین نے 18 سال کی عمر میں سنتھال نوجَوان سنگھ کی بنیاد رکھی تھی۔ 1972 میں، انہوں نے بنگالی مارکس وادی ٹریڈ یونین لیڈر اے کے رائے اور کُرمی-مہتو لیڈر بنود بِہاری مہتو کے ساتھ مل کر جھامومو (جھارکھنڈ مکتی مورچہ) کی تشکیل دی اور اس کے جنرل سیکریٹری بنے۔
سورین 1977 میں اپنا پہلا لوک سبھا انتخاب ہار گئے تھے، لیکن بعد میں 1980 میں دمکا سے پہلی بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ اس کے بعد وہ 1989، 1991 اور 1996 میں بھی لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ وہ 2002 میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے، مگر اسی سال لوک سبھا ضمنی انتخاب میں دمکا سیٹ جیتنے کے بعد انہوں نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ 2004 میں دوبارہ منتخب ہونے کے بعد، سورین کو منموہن سنگھ حکومت میں مرکزی وزیر کوئلہ بنایا گیا، لیکن 30 سال پرانے چیرُودی معاملے میں ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کے بعد انہیں استعفیٰ دینا پڑا۔
گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کے بعد وہ روپوش ہو گئے تھے، کیونکہ 23 جنوری 1975 کو 10 افراد کے قتل کے الزام میں دیگر 69 افراد کے ساتھ انہیں بھی مرکزی ملزم پایا گیا تھا۔ سورین نے جولائی 2004 میں استعفیٰ دے دیا تھا اور عدالتی حراست میں جیل میں رہنے کے بعد انہیں ضمانت مل گئی تھی۔