جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورن کی طبیعت بگڑی، وینٹیلیٹر پر منتقل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-08-2025
جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورن کی طبیعت بگڑی، وینٹیلیٹر پر منتقل
جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورن کی طبیعت بگڑی، وینٹیلیٹر پر منتقل

 



نئی دہلی: جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے بانی شیبُو سورن کی طبیعت ہفتہ کو مزید بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں وینٹیلیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے دلی کے سر گنگارام اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

شیبُو سورن کو جون کے آخر میں گردوں کی بیماری کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی طبیعت کی خرابی کے بعد جھارکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ ہیمنت سورن مسلسل دہلی میں رہ کر اپنے والد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ شیبُو سورن کو ان کی بہو کپلانہ سورن 19 جون کو چیک اپ کے لیے دہلی لے کر آئی تھیں، جہاں ان کی حالت اچانک بگڑ گئی اور انہیں فوراً اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ان کی حالت مزید سنگین ہو گئی تھی۔

وزیرِ اعلیٰ ہیمنت سورن نے اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے والد وہی حوصلہ دکھائیں گے جو انہوں نے اپنی زندگی کے تمام مشکلات اور جنگوں میں دکھایا۔ انہوں نے کہا، مجھے پورا یقین ہے کہ شیبُو سورن جی اپنی صحت کی جنگ بھی اسی طرح جیتیں گے جیسے انہوں نے اپنی زندگی میں کئی جنگیں جیتی ہیں۔

اس دوران صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، مرکزی وزیر نیتن گڈکری سمیت کئی اہم رہنما اسپتال پہنچ کر شیبُو سورن کی صحت کی خیریت دریافت کرنے کے لیے آئے اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔