سابق وزیراعلیٰ بدھ دیب بھٹاچار کی بھابھی سڑک پر مگر کیوں؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
سابق وزیراعلیٰ بدھ دیب بھٹاچار کی بھابھی سڑک پر مگر کیوں؟
سابق وزیراعلیٰ بدھ دیب بھٹاچار کی بھابھی سڑک پر مگر کیوں؟

 

 

کولکاتہ:ریاست مغربی بنگال کے سابق وزیراعلیٰ بدھ دیب بھٹاچار کی بھابھی ایرا باسو شمالی کولکاتہ میں فٹ پاتھ پر رہائش پذیر پائی گئی ہیں۔

ایرا باسو کی عمر میں 70 برس ہے۔ گذشتہ روز بیرک پور پولیس نے انہیں شہر کے ایک مینٹل ہسپتال میں داخل کرایا ہے۔

ایرا ایک ریٹائرڈ گورنمنٹ اسکول ٹیچر ہیں۔

ان کے بے گھر ہونے کی خبریں اس وقت پھیل گئیں جب کہ ان کے کچھ طالب علموں نے سوشل میڈیا پر یوم اساتذہ کے موقع پران کے بارے میں لکھا۔

بتایا جاتا ہے کہ وہ 30 برسوں تک درس و تدریس سے وابستہ رہیں، سن 2009 میں وہ ہیڈماسٹر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق پنشن کی اہل ہونے کے باوجود انھوں نے مبینہ طور پر اپنی دستاویزات جمع نہیں کروائیں۔

اسکول کی فیکلٹی نے ایرا کو مخلص ٹیچر قرار دیا لیکن یاد کیا کہ ملازمت کے آخری دو سالوں کے دوران وہ اکثر ننگے پاؤں اسکول آتی تھیں اور نہایت ہی گندے کپڑے زیب تن کرتی تھیں۔

ریٹائرمنٹ کے بعد اسکول کی ایک سابق ​​ہیڈ مسٹریس ایرا کو اپنے گھر لے گئیں جہاں وہ دو سالوں تک رہیں۔

ایرا ہیڈ مسٹریس کی موت کے بعد فٹ پاتھوں پر رہنے لگیں۔

وہ پروویڈنٹ فنڈ پر رہ رہی ہے جو اسے ہیڈ مسٹریس کی مدد سے ملی ہے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایرا نے کبھی کسی سے کسی چیز کی بھیک نہیں مانگی۔

اسکول کی موجودہ ہیڈ مسٹریس کرشنا چندر نے کہا کہ پنشن لینے کے اہل ہونے کے باوجود 70 سالہ اس ضعیف خاتون نے کبھی اس کا دعویٰ نہیں کیا۔

بیرک پور ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولز نے جمعہ کو ہیڈ مسٹریس سے کہا کہ وہ اپنی پنشن شروع کرنے کے لیے ایرا کے کاغذات جمع کروائیں۔

حالاں کہ سابق وزیراعلیٰ بدھ دیب بھٹاچار نے ابھی اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما منش مکھرجی نے کہا کہ وہ کئی سالوں سے ایرا کو جانتے ہیں اور یہاں تک کہ ان کی مدد کرنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ کوئی مدد نہیں چاہتی تھی۔

علاقے میں سی پی آئی (ایم) کے رہنماؤں نے بتایا کہ انہوں نے ایک بار ایرا کو ایک ذہنی اسپتال میں داخل کرایا تھا تاہم وہ وہاں سے کچھ دنوں بعد غائب ہوگئی تھیں۔