نئی دہلی: ہندوستانی فوج نے ہفتے کے روز اپنے سابق سربراہ جنرل وشوا ناتھ شرما (ریٹائرڈ) کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آخری وداع پیش کی۔ ان کی آخری رسومات دہلی کے برار اسکوائر شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔ 96 سالہ جنرل وشوا ناتھ شرما کا جمعہ کی صبح دہلی میں انتقال ہوگیا تھا۔
ہندوستانی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ آرمی چیف جنرل دھیرج سیٹھ نے پوری فوج کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ میزورم کے گورنر اور سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ (ریٹائرڈ) نے بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور آخری رسومات میں شرکت کی۔ تقریب میں سابق آرمی چیفس، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران اور اہلِ خانہ نے شرکت کرکے ممتاز فوجی افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جنرل وشوا ناتھ شرما 30 اپریل 1988 سے 30 جون 1990 تک ہندوستانی فوج کے سربراہ رہے۔ اپنے طویل فوجی کیریئر کے دوران انہیں متعدد اہم فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔ 4 جون 1930 کو لندن میں پیدا ہونے والے جنرل شرما، آزاد ہندوستان کے پہلے پرم ویر چکر یافتہ میجر سومناتھ شرما کے چھوٹے بھائی تھے، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل سریندر ناتھ شرما، جو فوج کے سابق انجینئر اِن چیف تھے، ان کے بڑے بھائی تھے۔
انہوں نے 1950 میں انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون سے تربیت حاصل کرنے کے بعد 16 لائٹ کیولری میں کمیشن حاصل کیا۔ بعد ازاں انہوں نے 66 آرمرڈ رجمنٹ، ماؤنٹین بریگیڈ، آرمرڈ بریگیڈ، ماؤنٹین ڈویژن، کور اور مشرقی کمان سمیت کئی اہم فوجی ذمہ داریاں نبھائیں، پھر آرمی چیف کے عہدے تک پہنچے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل شرما نے تقریباً چار دہائیوں تک ہماچل پردیش میں غریب اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے مفت تپِ دق (ٹی بی) کلینک کے ذریعے خدمات انجام دیں۔
وہ ایمبولینس کے ذریعے دشوار گزار دیہات اور بلند پہاڑی علاقوں تک پہنچ کر ضرورت مندوں کو طبی سہولتیں فراہم کرتے رہے۔ فوج کے مطابق عوامی خدمت کے لیے ان کی غیر معمولی وابستگی نے خاندان کی نئی نسل کو بھی متاثر کیا، اور ان کے بیٹے سمیت دیگر اہلِ خانہ آج بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں۔