راجوری (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں شدید گرمی اور طویل عرصے سے جاری خشک موسم کے دوران بدھ کے روز کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق آگ نے مختلف جنگلاتی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے جنگلاتی وسائل اور جنگلی حیات کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
آگ بجھانے کے لیے محکمہ جنگلات اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں مسلسل امدادی اور کنٹرول کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق موجودہ گرمی کی لہر اور طویل عرصے سے بارش نہ ہونے کے باعث جنگلات میں موجود خشک پودے اور جھاڑیاں تیزی سے آگ پکڑ رہی ہیں۔ شدید گرمی اور خشک ماحول کی وجہ سے آگ مختلف مقامات پر تیزی سے پھیل گئی۔
تاہم حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے مختلف اداروں کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی محکمہ جنگلات نے راجوری ضلع میں بڑھتے ہوئے جنگلاتی آگ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ 3 جون کو راجوری کے کنزرویٹر آف فاریسٹ (ویسٹ سرکل) ستپال نے بتایا تھا کہ گزشتہ 12 ہفتوں کے دوران ضلع میں تقریباً 45 جنگلاتی آگ کے واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں راجوری اور نوشہرہ فاریسٹ ڈویژن کے علاقے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ راجوری فاریسٹ ڈویژن کی کالاکوٹ تحصیل میں واقع سیالسوئی کھدر جنگلاتی علاقے کا بڑا حصہ شدید گرمی اور خشک سالی کے باعث آگ کی زد میں آ چکا ہے۔ اگرچہ حالیہ ہلکی بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں کچھ کمی آئی تھی اور امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ آگ کے واقعات میں کمی آئے گی، تاہم بدھ کے روز متعدد مقامات پر دوبارہ آگ لگنے سے تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ستپال کے مطابق محکمہ جنگلات نے مختلف اداروں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرکے وسائل کی فوری فراہمی اور بہتر رابطہ نظام کی حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ آگ کو ابتدائی مرحلے میں ہی قابو کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ بیشتر واقعات سطحی آگ (سرفیس فائر) کے ہیں، نہ کہ کراؤن فائر کے، جو درختوں کی بالائی شاخوں تک پہنچ جاتی ہے۔
اس کے باوجود ایسی آگ جنگلات کی حیاتیاتی تنوع کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی آگ سے صرف درخت اور پودے ہی متاثر نہیں ہوتے بلکہ پرندے، جنگلی جانور، رینگنے والے جانور اور دیگر جنگلی حیات بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ اس لیے جنگلات کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
محکمہ جنگلات نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلات کے اطراف لاپروائی سے گریز کریں، جلتی ہوئی اشیا یا سگریٹ کے ٹکڑے نہ پھینکیں اور آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں۔
فی الحال محکمہ جنگلات، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، سوشل فاریسٹری محکمہ اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ آگ کو گھنے جنگلات تک پھیلنے سے پہلے ہی روک لیا جائے تاکہ ماحولیات اور جنگلی حیات کو ہونے والے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔