نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ مودی حکومت غیر ملکی مہمانوں کو اپوزیشن لیڈر سے ملنے سے روک رہی ہے کیونکہ وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب کوئی اہم غیر ملکی رہنما بھارت آتا ہے یا وہ (راہل) بیرونِ ملک جاتے ہیں تو حکومت کی جانب سے ہدایات دی جاتی ہیں کہ ان سے ملاقات نہیں ہونی چاہیے۔
کانگریس کے رہنما نے یہ دعویٰ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے بھارت پہنچنے سے چند گھنٹے قبل کیا۔ پوتن آج شام اپنے سرکاری دورے پر بھارت آئیں گے۔ کانگریس کے سابق صدر نے پارلیمنٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، "روایتی طور پر جب کوئی غیر ملکی مہمان بھارت آتا ہے تو اس کی ملاقات قائدِ حزبِ اختلاف سے ہوتی ہے۔
یہ روایت اٹل بہاری واجپئی جی کے دور میں بھی تھی اور من موہن سنگھ جی کے دور میں بھی۔ لیکن آج کل ایسا ہو گیا ہے کہ جب بیرون ملک سے کوئی آتا ہے یا میں باہر جاتا ہوں، تو حکومت مشورہ دیتی ہے کہ غیر ملکی مہمان یا وہاں کے لوگ اپوزیشن لیڈر سے نہ ملیں۔" ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ ہر بار کرتی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا، "ہندوستان کی نمائندگی ہم بھی کرتے ہیں، صرف حکومت نہیں کرتی۔
حکومت نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے لوگ بیرونی رہنماؤں سے ملیں۔" انہوں نے دعویٰ کیا، "یہ روایت ہے، مگر مودی جی اس پر عمل نہیں کر رہے، وزارتِ خارجہ بھی اس پر عمل نہیں کر رہی۔ یہ ان کی عدمِ تحفظ کا احساس ہے۔" راہل گاندھی کے اس بیان پر کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی یہی الزام دہراتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت عدمِ تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے کہا، "ایک پروٹوکول ہوتا ہے۔ آنے والے تمام بڑے رہنما اپوزیشن لیڈر سے ملتے ہیں۔ حکومت اس پروٹوکول کو توڑ رہی ہے اور ان کی تمام پالیسیاں اسی پر مبنی ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ کوئی دوسری آواز اٹھے، نہ کسی اور کی رائے سننا چاہتے ہیں۔ انہیں جمہوریت میں پروٹوکول کا احترام کرنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں پرینکا گاندھی نے کہا، "بھگوان ہی جانے انہیں کس بات کا ڈر ہے... جمہوریت میں ہر کسی کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہونا چاہیے، بات چیت ہونی چاہیے اور درست قدم اٹھایا جانا چاہیے۔ حکومت عدمِ تحفظ محسوس کرتی ہے اور یہ فیصلہ اسی کا نتیجہ ہے۔" انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے دنیا میں بھارت کی جمہوری شبیہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔