غیر ملکی وفد پولنگ کے عمل کو دیکھنے کے لیے کیرالہ پہنچے گا: الیکشن کمیشن

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-04-2026
غیر ملکی وفد پولنگ کے عمل کو دیکھنے کے لیے کیرالہ پہنچے گا: الیکشن کمیشن
غیر ملکی وفد پولنگ کے عمل کو دیکھنے کے لیے کیرالہ پہنچے گا: الیکشن کمیشن

 



ترواننت پورم
کیرال اسمبلی انتخابات کے لیے 9 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے قبل، پورے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے لیے ایک غیر ملکی وفد بدھ کے روز ریاست پہنچے گا۔ اس بات کی اطلاع الیکشن کمیشن آف انڈیا نے دی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق یہ وفد صبح ریاستی دارالحکومت پہنچے گا اور انتخابی عمل کا مشاہدہ کرنے کے لیے مختلف پولنگ مراکز کا دورہ کرے گا۔
یہ وفد الیکشن کمیشن کے ‘انٹرنیشنل الیکشن وزیٹر پروگرام’ 2026 کے تحت آ رہا ہے، جس کا افتتاح ایک دن قبل چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں یہ وفد 8 اور 9 اپریل کو آسام، کیرال اور پڈوچیری کا دورہ کرے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں وہ 20 اپریل سے مغربی بنگال اور تمل ناڈو جائیں گے۔
کمیشن نے بتایا کہ دہلی میں قائم پانچ غیر ملکی سفارت خانوں کے نمائندوں سمیت 23 ممالک کے 43 نمائندے اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں حصہ لیں گے۔الیکشن کمیشن کے ایک بیان کے مطابق، کیرال میں وفد دوپہر کے وقت چیف الیکشن آفیسر رتن یو کیلکر سے ملاقات کرے گا، جس کے بعد وہ ترواننت پورم کے وازھوتھاکاوڈ علاقے میں واقع ایک ڈسٹری بیوشن سینٹر کا دورہ کرے گا تاکہ ووٹنگ کے سامان کی تقسیم کے عمل کا مشاہدہ کر سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفد جمعرات کی صبح وازھوتھاکاوڈ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ‘مَوک پول’ (فرضی ووٹنگ) کا مشاہدہ کرے گا، جس کے بعد وہ ریاستی دارالحکومت میں کلیکٹریٹ کے تحت قائم کچھ پولنگ مراکز اور کنٹرول روم کا دورہ کرے گا۔
بیان کے مطابق وفد شام کو ریاست سے روانہ ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئی ای وی پی دیگر ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے الیکشن مینجمنٹ باڈیز کے ساتھ عالمی تعاون اور روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پروگرام ہے۔
کمیشن نے مزید کہا کہ آئی ای وی پی ، ہندوستان کے انتخابی نظام، ادارہ جاتی ڈھانچے اور آپریشنل طریقۂ کار کا جامع جائزہ فراہم کرتا ہے، اور ساتھ ہی غیر ملکی نمائندوں کو انتخابی انتظام میں بہترین طریقوں اور جدید اقدامات سے بھی روشناس کراتا ہے۔