گروگرام : غیر ملکی شہریوں نے صفائی مہم کا آغاز کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-08-2025
گروگرام : غیر ملکی شہریوں نے صفائی مہم کا آغاز کیا
گروگرام : غیر ملکی شہریوں نے صفائی مہم کا آغاز کیا

 



گروگرام / آواز دی وائس
گروگرام سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں کچھ غیر ملکی شہری صفائی مہم چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس مہم کی قیادت سربیا کے شہری "لازر" کر رہے تھے اور اس میں فرانس، جاپان اور امریکہ کے شہری بھی شامل تھے۔ لازر نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور کاروبار کے ارد گرد کے علاقے کو صاف رکھنے کی ذمہ داری لیں۔
سربیا کے شہری لازر نے کہا كہ ہندوستان ایک شاندار ملک ہے، لیکن یہاں کے رہنے والے اکثر اپنے آس پاس کی صفائی کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔  انہوں نے بہتر صفائی ستھرائی اور شہری ماحول کو فروغ دینے کے لیے اپنی پراپرٹی کے اردگرد کم از کم دو میٹر زمین صاف کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ لازر کے مطابق یہ پہل صرف دس دن پہلے شروع کی گئی تھی، جو اُن کی تمل ناڈو، بنگلور اور رِشیکیش سمیت ہندوستان کے مختلف حصوں میں چھوٹے پیمانے پر صفائی مہموں میں شمولیت کے بعد سامنے آئی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عوامی مقامات کے معاملے میں لوگوں کو اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا كہ ہندوستانی دنیا کے سب سے صاف ستھرے لوگوں میں سے ہیں، پھر بھی گھروں اور کاروبار کے باہر کے علاقوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔
فرانسیسی والنٹیئر "مٹیلڈا" نے ہندوستان کی تعریف کی لیکن گروگرام کے کچھ حصوں میں صفائی کی حالت پر افسوس بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا كہ ہندوستان حیرت انگیز ہے۔ مجھے اس ملک سے محبت ہے۔ لیکن یہ بہت افسوسناک ہے کہ کبھی کبھار ہر جگہ ڈھیروں کچرا پڑا رہتا ہے۔
اس مہم کا اصل مقصد گرو دروناچاریہ میٹرو اسٹیشن اور آس پاس کے کئی رہائشی علاقوں سمیت اہم مقامات کے ارد گرد کی سڑکوں اور نالیوں کی صفائی تھا۔ تقریباً 40 والنٹیئرز نے اس پروگرام میں حصہ لیا اور مقامی رہائشیوں کے ساتھ مل کر ملبہ صاف کیا اور لوگوں کو صفائی کے بارے میں آگاہی دی۔
گروگرام میونسپل کارپوریشن نے والنٹیئرز کی کوششوں کی تعریف کی۔ ساتھ ہی شہر میں کچرا مینجمنٹ کی جاری مشکلات کی طرف بھی اشارہ کیا۔ ایم سی جی کے جوائنٹ کمشنر "پریدیپ دہیا" نے والنٹیئرز کو "شہری ذمہ داری کی علامت" قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی اور شہریوں اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
گروگرام ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا کاروباری مرکز ہے لیکن صفائی ستھرائی سے متعلق سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گھر گھر جا کر کچرا جمع کرنے کا تناسب پچھلے سال کے 85 فیصد سے گھٹ کر صرف 59 فیصد رہ گیا ہے۔ نالیوں کا بند ہونا اور کچرے کا جمع ہونا مستقل مسائل بنے ہوئے ہیں، جن سے شہر میں صحت سے متعلق خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔
غیر ملکی شہریوں کے زیرِ انتظام یہ صفائی مہم اس بات کی یاد دہانی ہے کہ شہری صفائی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک مشترکہ فریضہ ہے جو قومیت سے بالاتر ہے۔ یہ پہل چھوٹی ضرور ہے لیکن حوصلہ افزا ہے۔