جانوروں میں خون کی منتقلی کے لیے بنے قوانین

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-08-2025
جانوروں میں خون کی منتقلی کے لیے بنے قوانین
جانوروں میں خون کی منتقلی کے لیے بنے قوانین

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
ہمارے آس پاس ایسے بے زبان جانور رہتے ہیں جو اپنا دکھ درد بیان نہیں کر سکتے۔ اگر انہیں کوئی چوٹ لگ جائے تو وہ نہ تو خود سے اسپتال جا سکتے ہیں اور نہ ہی اپنی تکلیف کے بارے میں کچھ بتا سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے حکومت نے جانوروں کی حفاظت کے لیے قدم اٹھایا ہے۔ پیر کے روز حکومت نے ملک میں پہلی بار جانوروں کے لیے خون کی منتقلی  کی خدمات کے لیے جامع ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ قدم ایمرجنسی ویٹرنری ہیلتھ کیئر میں ایک بڑی کمی کو دور کرنے کی کوشش ہے۔ ان ہدایات میں سائنسی ڈھانچہ طے کیا گیا ہے، جس کے تحت اب جانوروں کے خون کے عطیہ، ذخیرہ اور انتقال کی کارروائی یکساں قومی معیار کے مطابق ہوگی۔ اس سے پہلے یہ عمل کسی بھی قومی معیار کے بغیر کیا جاتا تھا۔
پہلی بار گائیڈ لائن جاری
جانوروں میں خون چڑھانا زندگی بچانے کا ایک نہایت ضروری طریقہ ہے۔ یہ تب کارآمد ہوتا ہے جب کسی جانور کو سنگین چوٹ لگی ہو، خون کی کمی (اینیمیا) ہو، آپریشن کے دوران زیادہ خون بہہ گیا ہو، کوئی انفیکشن ہو یا خون جمنے میں مسئلہ ہو۔ اب تک ہندوستان میں جانوروں کے لیے خون چڑھانے کا کوئی طے شدہ قومی نظام نہیں تھا۔ زیادہ تر یہ صرف ایمرجنسی حالت میں کیا جاتا تھا اور وہ بھی بغیر کسی ضابطے جیسے ڈونر کی جانچ، خون کے گروپ کی پہچان یا اسٹوریج پروٹوکول کے۔
نئی گائیڈ لائنز ان سب کمیوں کو پورا کرتی ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح ڈونر جانور کا انتخاب، خون لینا، اس کو صحیح طریقے سے رکھنا، چڑھانا اور علاج کے دوران حفاظت کا خیال رکھنا ہوگا۔ یہ اصول ہندوستانی ویٹرنری کونسل  ویٹرنری یونیورسٹیز، اداروں، ریاستی حکومتوں، ویٹرنری ڈاکٹروں اور ماہرین سے مشورہ کر کے تیار کیے گئے ہیں۔ اس سے ہندوستان کا نظام اب دنیا کے اعلیٰ معیار کے برابر ہو جائے گا۔
گائیڈ لائن کے اہم نکات
ہر ریاست میں حکومت کے زیرِ انتظام ویٹرنری بلڈ بینک قائم کیے جائیں گے جن میں حفاظتی معیار کے مطابق ڈھانچہ ہوگا۔
خون چڑھانے سے پہلے بلڈ گروپ ٹائپنگ اور کراس میچنگ لازمی ہوگی تاکہ غلط ملاپ سے جانور کو نقصان نہ ہو۔
ڈونر (خون دینے والے جانور) کے لیے اصول طے ہوں گے، جیسے اچھی صحت، ویکسینیشن، عمر، وزن اور بیماریوں کی جانچ۔
رضاکارانہ خون عطیہ (بغیر پیسے کے) پر زور ہوگا اور ڈونر کے حقوق کی حفاظت کے لیے ڈونر چارٹر نافذ کیا جائے گا۔
ایک قومی ویٹرنری بلڈ بینک نیٹ ورک بنایا جائے گا، جس میں ڈیجیٹل رجسٹر، ریئل ٹائم خون کا ذخیرہ اور ایمرجنسی ہیلپ لائن ہوگی۔
نئی ٹیکنالوجی کو فروغ
مستقبل میں ان گائیڈ لائنز کے تحت نئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیا جائے گا، جیسے
موبائل بلڈ کلیکشن یونٹس (جہاں جا کر براہِ راست خون لیا جا سکے)
نایاب خون کے گروپ محفوظ رکھنے کی ٹیکنالوجی
موبائل ایپس جن کے ذریعے ڈونر اور مریض (جانور) کا صحیح ملاپ آسانی سے ہو سکے۔
ہندوستان میں تقریباً 537 ملین مویشی (جیسے گائے، بھینس، بکری) اور تقریباً 125 ملین پالتو جانور (جیسے کتے، بلیاں) ہیں۔ یہ پورا لائیو اسٹاک سیکٹر ملک کی جی ڈی پی میں 5.5 فیصد  اور زرعی جی ڈی پی میں 30فیصد سے زیادہ حصہ ڈالتا ہے۔ یہ فوڈ سکیورٹی اور دیہی روزگار کے لیے نہایت ضروری ہے۔