نئی دہلی/ آواز دی وائس
انتخابی کمیشن نے ای وی ایم بیلٹ پیپر کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ ان نئے رہنما اصولوں کی شروعات بہار سے کی گئی ہے۔ ای وی ایم میں پہلی بار امیدواروں کی رنگین تصاویر ہوں گی اور سیریل نمبر بھی اب زیادہ واضح ہوں گے۔ اس کی شروعات بہار کے انتخابات سے ہی ہوگی۔ دراصل یہ قدم انتخابی عمل کو بہتر بنانے اور ووٹروں کی سہولت بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ای سی آئی نے انتخابی ضابطہ 1961 کے قاعدہ 49 بی کے تحت موجودہ رہنما اصولوں میں ترمیم کی ہے۔ گائیڈ لائن میں ترمیم کے بعد اب ای وی ایم بیلٹ پیپر پر امیدواروں کی تصاویر رنگین چھپیں گی۔ امیدوار کا چہرہ تصویر کے تین چوتھائی حصے پر ہوگا تاکہ صاف نظر آئے۔ امیدواروں / نوٹا کے سیریل نمبر بین الاقوامی ہندوستانی اعداد میں چھپے ہوں گے۔ فونٹ کا سائز 30 ہوگا اور بولڈ میں ہوگا۔
بہار سے ہوگی شروعات
تمام امیدواروں اور نوٹا کے نام ایک ہی فونٹ اور ایک ہی فونٹ سائز میں پرنٹ کیے جائیں گے تاکہ آسانی سے پڑھا جا سکے۔ ای وی ایم بیلٹ پیپر 70 جی ایس ایم کے کاغذ پر پرنٹ ہوں گے۔ اسمبلی انتخابات کے لیے آر جی بی ویلیو والے گلابی رنگ کے کاغذ کا استعمال کیا جائے گا۔ آئندہ انتخابات میں اپ گریڈ شدہ ای وی ایم بیلٹ پیپر استعمال کیے جائیں گے اور اس کی شروعات بہار سے ہوگی۔