تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2026
تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ
تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ

 



 

معلمِ کائنات ﷺ کے یومِ ولادت پر گرینڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد کا پیغام

کالی کٹ (عبدالکریم امجدی): ولادتِ مصطفیٰ ﷺ دراصل انسانیت کے لیے رحمتِ الٰہی اور تاریخِ عالم کے ایک عظیم انقلاب کا آغاز تھی۔ ماہِ ربیع الاول وہ عظیم مہینہ ہے جس میں فخرِ موجودات، باعثِ تخلیقِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ آپ ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کے وجودِ مسعود سے پوری دنیا میں نورِ حق پھیلا اور کفر و باطل کی تاریکیاں چھٹ گئیں۔

ان خیالات کا اظہار گرینڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے کالی کٹ کے مرکز الثقافۃ السنیہ میں جلوسِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات انسانیت کی اصلاح، تجدید اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ معاشرتی برائیوں اور اخلاقی خرابیوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور رہنمائی پر سختی سے عمل کیا جائے۔

شیخ ابوبکر احمد نے کہا کہ ہمیں سنتِ نبوی ﷺ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، اپنے اخلاق و معاملات کو سنوارنا چاہیے، دوسروں کے لیے رحمت اور آسانی کا ذریعہ بننا چاہیے اور اپنے کردار کے ذریعے اسلام کی خوبصورتی کو ظاہر کرنا چاہیے۔ یہی رسولِ اکرم ﷺ کے لازوال ورثے کو زندہ رکھنے اور آپ ﷺ سے سچی محبت کا عملی تقاضا ہے۔

دنیا بھر کے مسلمان نبی کریم ﷺ کی 1501ویں یومِ ولادت انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر کی مساجد اور مدارس کو خوبصورت روشنیوں، رنگ برنگے بینروں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

مختلف تنظیموں، مقامی محلوں اور مدارس کی جانب سے ملک بھر میں متعدد پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں صبح کے وقت محافلِ میلاد و نعت، پُرجوش جلوس، اجتماعی ضیافتیں، بچوں کے ثقافتی پروگرام، عوامی خطابات اور تعلیمی مقابلے شامل ہیں۔

معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، تاریخِ اسلام اور آپ ﷺ کے پیغام کو اجاگر کرنے والی ان تقریبات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔