اسلام آباد/ آواز دی وائس
پاکستان میں آنے والے بھیانک سیلاب نے ملک کے لیے ’’غریبی میں آٹا گیلا‘‘ والی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب نے اپنے یہاں سے گندم کو دیگر صوبوں میں بھیجنے پر ایک غیر اعلانیہ پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے نتیجے میں ملک میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور دیگر صوبوں میں قیمتیں ڈیڑھ گنا تک بڑھ گئی ہیں۔ اس صورتحال نے پاکستان میں سیاستدانوں اور مل مالکان کے درمیان ٹکراؤ پیدا کر دیا ہے۔ یہ رپورٹ پاکستان کے اخبار ڈان نے شائع کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پنجاب میں حکام نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ گندم کو باہر بھیجنے پر کوئی باضابطہ پابندی عائد کی گئی ہے، لیکن انہوں نے یہ تسلیم کیا ہے کہ گندم کی ’’غیر معمولی‘‘ نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ناکے قائم کیے گئے ہیں۔ تاہم پاکستان کے دیگر صوبوں نے دلیل دی ہے کہ ایسا اقدام ’’فری مارکیٹ‘‘ کی روح کے خلاف ہے اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
پنجاب کے انکار سے مہنگا ہوا آٹا
پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر ریاض اللہ خان کے مطابق صوبے کی سرحد پر ناکے بنا کر دیگر علاقوں میں گندم اور آٹے کی ترسیل کو روکا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے خیبر پختونخوا (کے پی) میں آٹے کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ یہاں 20 کلو کا بیگ اب 2,800 پاکستانی روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جب کہ پنجاب میں یہی بیگ تقریباً 1,800 پاکستانی روپے میں دستیاب ہے۔ کے پی کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس پابندی کو ’’آرٹیکل 151 کی صریح خلاف ورزی‘‘ اور ’’قومی یکجہتی پر سنگین حملہ‘‘ قرار دیا ہے۔
قدرتی آفات یا کم پیداوار کی وجہ سے 2020، 2022 اور 2023 میں بھی ایسے ہی بحران دیکھنے کو ملے تھے۔ پاکستان کا پنجاب پہلے قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے ہر سال فصل کٹائی کے بعد 40 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم خرید کر ذخیرہ کرتا تھا، لیکن بین الاقوامی معاہدوں کے تحت اس نے یہ کردار کم کر دیا۔
پنجاب کے حکام نے خوراک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ کو روکنے کے لیے پابندی کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صارفین کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ گندم کو چارہ ملوں میں بھیجے جانے یا دیگر صوبوں میں زیادہ داموں پر فروخت ہونے سے روکا جائے۔ تاہم دوسری جانب ان پابندیوں کی خیبر پختونخوا اور سندھ نے سخت مذمت کی ہے، جو پنجاب کی گندم کی فراہمی پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔