اڈیشہ میں سیلاب، دس اضلاع ہائی الرٹ پر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
اڈیشہ میں سیلاب، دس اضلاع ہائی الرٹ پر
اڈیشہ میں سیلاب، دس اضلاع ہائی الرٹ پر

 



بھونیشور: اڈیشہ میں ہیراکڈ ڈیم سے مہاندی ندی میں 22 دروازوں کے ذریعے پانی چھوڑے جانے کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے بعد مہاندی کے زیریں علاقوں کے 10 اضلاع کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ساحلی ریاست کے 20 اضلاع میں سیلاب سے 8 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے اور زرعی اراضی کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

اس کے علاوہ سلنگی، برہمنی، بیترنی، جالکا اور بدھابالنگ دریاؤں میں طغیانی کے باعث شمالی اڈیشہ میں 1,300 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بھدرک ہے، اس کے بعد جاج پور، بالاسور اور میوربھنج کا نمبر آتا ہے۔ وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، جو چار روزہ دورۂ نئی دہلی سے جمعہ کی رات واپس لوٹے، ہفتہ کو وزیر برائے محصولات و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سریش پجاری اور سینئر حکام کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے دہلی دورے پر اپوزیشن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ قائد حزب اختلاف نوین پٹنائک نے سوال اٹھایا کہ کیا "سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران رہنما دہلی میں ضیافتوں میں مصروف تھے؟" اس پر وزیر سریش پجاری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ "راج دھرم" ادا کر رہے تھے اور دہلی میں چھتیس گڑھ کے ساتھ مہاندی آبی تنازع کے حل کے لیے کوششیں کر رہے تھے، جسے سابق حکومت حل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

اڈیشہ کے خصوصی ریلیف کمشنر راجیش پربھاکر پاٹل نے بتایا کہ مہاندی کے زیریں علاقوں کے 10 اضلاع کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کٹک، پوری، کھوردھا، جگت سنگھ پور اور کندراپاڑا پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ یہ اضلاع مہاندی ڈیلٹا میں واقع ہونے کی وجہ سے زیادہ حساس سمجھے جاتے ہیں۔ ہائی الرٹ والے دیگر اضلاع میں انگول، بودھ، سنبل پور، سبرن پور اور نیاگڑھ شامل ہیں۔

ہیراکڈ ڈیم میں پانی کی سطح 625.47 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی مکمل گنجائش 630 فٹ ہے۔ حکام نے بتایا کہ ڈیم میں تقریباً 4.15 لاکھ کیوسک پانی داخل ہو رہا ہے، اس لیے آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ اوسط اخراج 3,89,603 کیوسک رہا۔

وزیر سریش پجاری نے امید ظاہر کی کہ گزشتہ دو روز سے بارش نہ ہونے اور ڈیم سے پانی کے اخراج میں استحکام آنے کے باعث سیلابی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ حکام کے مطابق کٹک کے قریب مندالی بیراج پر پانی کا بہاؤ بھی جمعرات کی شب کے 8.88 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر تقریباً 7 لاکھ کیوسک رہ گیا ہے۔