نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں جمنا ندی کا پانی خطرناک سطح کی جانب بڑھ رہا ہے جس سے سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ 19 اگست تک دہلی میں جمنا کا پانی 206 میٹر تک پہنچ سکتا ہے جو 205.33 میٹر کے خطرے کے نشان سے اوپر ہوگا۔ یہ بات مرکزی آبی کمیشن نے اتوار کو جاری اپنی ایڈوائزری میں کہی۔ شام تقریباً سات بجے ندی کا پانی انتباہی سطح کو پار کرتے ہوئے پرانے ریلوے پل پر 204.60 میٹر تک پہنچ گیا۔
ہریانہ کے ہتھنی کُند بیراج میں جمنا ندی کا فی گھنٹہ اخراج اتوار کو اس موسم میں پہلی بار ایک لاکھ کیوسک سے زیادہ ہو گیا۔ ایسے میں سی ڈبلیو سی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ منگل تک پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ دہلی میں جمنا کی انتباہی سطح 204.50 میٹر ہے جبکہ خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے اور جب پانی 206 میٹر تک پہنچتا ہے تو لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا جاتا ہے۔
ہتھنی کُند بیراج سے ایک لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا
سی ڈبلیو سی کی ایڈوائزری میں کہا گیا كہ آج 17 اگست کو ہتھنی کُند بیراج سے چھوڑے گئے پانی کی مقدار اور بالائی جمنا علاقے میں بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ دہلی ریلوے پل پر پانی کی سطح 19 اگست 2025 کو رات تقریباً دو بجے 206.00 میٹر کو پار کر سکتی ہے۔
جمنا کا پانی اگلے 36 گھنٹوں میں خطرے کی سطح پار کرے گا
ساؤتھ ایشیا نیٹ ورک آن ڈیمز، ریورز اینڈ پیپل کے ایسوسی ایٹ کوآرڈینیٹر بھیِم سنگھ راوت نے کہا كہ ہتھنی کُند میں یہ اس موسم کا سب سے زیادہ اخراج ہے جو 14 اگست کو درج کی گئی پچھلی بلند ترین سطح سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔ اس کے نتیجے میں پانی کی سطح اگلے 36 گھنٹوں میں خطرے کے نشان کو پار کر جائے گی۔