منالی/ آواز دی وائس
مانسون نے ہماچل پردیش میں شدید تباہی مچائی ہے۔ کُلّو ضلع کے منالی میں بھی بارش نے قہر ڈھایا ہے۔ کئی دکانیں بہہ گئیں، عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، راستے بند ہو گئے اور مکان پانی میں ڈوب گئے۔ اس آفت کی زد میں منالی کا مشہور شیرِ پنجاب ریسٹورینٹ بھی آیا ہے۔ وائرل ہو رہے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس مشہور ریسٹورینٹ کا صرف گیٹ والا حصہ ہی باقی ہے جبکہ پیچھے کا پورا حصہ سیلاب میں بہہ گیا ہے۔
یہ ریسٹورینٹ بیاس ندی کے کنارے پر بنا ہوا تھا اور منالی گھومنے آنے والے سیاحوں کے درمیان کافی مشہور تھا۔ لیکن اس بار مانسونی آفت کی مار یہ برداشت نہ کر سکا۔ اس کی صرف اگلی ایک دیوار ہی بچی ہے، باقی کا پورا حصہ پانی کی نذر ہو گیا۔
لگاتار بارش کی وجہ سے بیاس ندی طغیانی پر ہے۔ اس کا رُعبناک منظر دل دہلا دینے والا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ویڈیو میں سیلاب کی تباہ کن شکل صاف نظر آ رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ لارجی ڈیم سے 20 ہزار کیوسک پانی چھوڑے جانے کے بعد منگل کو بیاس ندی کا پانی بہت بڑھ گیا تھا۔ اسی وجہ سے ندی کے کنارے بنی کچھ عمارتیں سیلاب کی زد میں آ گئیں۔ منڈی میں ڈرون سے لی گئی بیاس ندی کی تصویروں سے پتا چلا کہ شہر میں مسلسل بارش کے بعد پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
ہماچل پردیش میں اس بار مانسونی بارش نے زبردست تباہی مچائی ہے۔ جان و مال دونوں کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ ریاستی آفت انتظامیہ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق، 20 جون سے اب تک سیلاب، لینڈ سلائیڈ اور بارش سے جڑی دیگر آفات میں 310 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔
ایس ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق، منڈی میں 29، کانگڑا میں 30، چمبا میں 14، کِنّور میں 14 اور کُلّو میں 13 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ڈوبنے کے واقعات میں کم از کم 33 لوگوں کی جان جا چکی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈ اور سیلاب نے بھی کم از کم 19 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
قدرتی آفت سے ریاست میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ لوک نرمان وبھاگ (پی ڈبلیو ڈی) نے سڑکوں کو 1.31 لاکھ کروڑ روپے کے نقصان کی رپورٹ دی ہے۔ جل شکتی وبھاگ (جے ایس وی) نے آبپاشی اور پانی کی سپلائی کے ذرائع کو 87,226 کروڑ روپے کے نقصان کی اطلاع دی ہے۔
اسی طرح بجلی کے ڈھانچے کو 13,946 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ یوں مجموعی طور پر عوامی املاک کو اندازاً 2.45 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچ چکا ہے۔