پانچ منزلہ عمارت منہدم، 5 ہلاک، متعدد زخمی؛ ملبے تلے افراد کی تلاش جاری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2026
 پانچ منزلہ عمارت منہدم، 5 ہلاک، متعدد زخمی؛ ملبے تلے افراد کی تلاش جاری
پانچ منزلہ عمارت منہدم، 5 ہلاک، متعدد زخمی؛ ملبے تلے افراد کی تلاش جاری

 



 نئی دہلی: جنوب مغربی دہلی کے ستیانکیتن علاقے میں اتوار کی دوپہر ایک پانچ منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5  کی موت ہوگئی، جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ عمارت کو لڑکوں کے پی جی کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور حادثے کے وقت اس میں بڑی تعداد میں طلبہ و دیگر افراد موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ملبے تلے مزید لوگوں کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو اور سرچ آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق عمارت گرنے کے فوراً بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور ہر طرف گردوغبار کے بادل چھا گئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے سے مدد کے لیے چیخیں بھی سنائی دے رہی تھیں۔ تاہم حکام نے ابھی تک ملبے تلے پھنسے افراد کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔

متعدد افراد کو ملبے سے نکالا گیا

پولیس کے مطابق اب تک 6 افراد کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے جے پرکاش نارائن اپیکس ٹراما سینٹر کے مطابق جائے وقوعہ سے چار افراد کو اسپتال لایا گیا، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک تھی۔ ان میں ایک ریسکیو کارکن بھی شامل تھا جسے علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ ایک شخص کو مردہ حالت میں ٹراما سینٹر لایا گیا۔سی اے ٹی ایس کے نوڈل افسر بلراج سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 25 سے 30 افراد حادثے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے 17 ایمبولینسیں بھی موقع پر تعینات کی گئی ہیں۔

عمارت میں 40 سے 50 افراد موجود ہونے کا اندازہ

مقامی پولیس کے ایک افسر کے مطابق ابتدائی اندازوں کی بنیاد پر حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 40 سے 50 افراد موجود ہو سکتے تھے۔ عینی شاہدین نے ملبے تلے پھنسے افراد کی تعداد 15 سے زیادہ بتائی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پی جی کے رجسٹریشن ریکارڈ اور سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی درست تعداد معلوم ہو سکے گی۔

تہہ خانے میں تعمیراتی کام جاری تھا

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت تقریباً 40 سے 50 سال پرانی تھی۔ یہ عمارت ایک تہہ خانے اور اس کے اوپر پانچ منزلوں پر مشتمل تھی اور اسے لڑکوں کے پی جی کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ حادثے کے وقت تہہ خانے میں تزئین و آرائش اور تعمیراتی کام جاری تھا۔مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تہہ خانے میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں اور عمارت کے نچلے حصے میں کی جانے والی تبدیلیاں بھی حادثے کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہو سکتی ہیں۔ ایک عینی شاہد نے منہدم عمارت کی شناخت ’’ہاسٹل ڈیز‘‘ نامی لڑکوں کے پی جی کے طور پر کی۔

دہلی پولیس، این ڈی آر ایف اور فائر سروس کا مشترکہ آپریشن

ساوتھ کیمپس پولیس اسٹیشن کو دوپہر تقریباً 1:34 بجے ستیانکیتن مارکیٹ میں عمارت گرنے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی دہلی پولیس، دہلی فائر سروس، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) اور سی اے ٹی ایس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں کے علاوہ ایمبولینس اور دیگر ہنگامی امدادی ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس، نئی دہلی رینج، ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ساؤتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری اور دیگر آلات کی مدد سے ملبے اور کنکریٹ کی تہوں کو احتیاط سے ہٹا رہی ہیں تاکہ زندہ بچ جانے والوں تک پہنچا جا سکے۔

علاقے میں خوف و ہراس

حادثے کے بعد ستیانکیتن اور اس کے آس پاس کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک قریبی دکاندار نے بتایا کہ عمارت گرنے کی زوردار آواز سن کر ابتدا میں لوگوں کو لگا کہ شاید زلزلہ آیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے منہدم ہوتے ہی گردوغبار اور دھوئیں کے بڑے بادل اٹھے۔ایک مقامی شخص نے دعویٰ کیا کہ امدادی کارکنوں نے ملبے سے کئی افراد کو نکالا، جن میں چار بچے بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق ملبے کے نیچے سے اب بھی لوگوں کی مدد کے لیے پکار سنائی دے رہی تھی۔

عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ علاقے میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ پی جی چلائے جاتے ہیں اور منہدم عمارت کے قریب ایک پڑوسی عمارت بھی متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملبے تلے پھنسے افراد کی درست تعداد پی جی کے رجسٹریشن ریکارڈ سے ہی معلوم ہو سکے گی۔

زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اولین ترجیح

دہلی کے میئر پرویش واہی بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ بنیں اور ایمرجنسی سروسز کو کام کرنے کا موقع دیں۔

ستیانکیتن دہلی یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس کے قریب واقع ایک گنجان آباد علاقہ ہے، جہاں بڑی تعداد میں طلبہ پی جی اور کرائے کی رہائش گاہوں میں رہتے ہیں۔ حکام کے مطابق فی الحال ریسکیو آپریشن کا سب سے اہم مقصد ملبے تلے دبے افراد کا سراغ لگانا اور ممکنہ طور پر زندہ افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکالنا ہے۔ امدادی ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور ملبے سے مزید افراد کے برآمد ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔