اتراکھنڈ :سیلاب - لینڈ سلائیڈنگ سے 5افراد ہلاک

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
اتراکھنڈ :سیلاب - لینڈ سلائیڈنگ سے 5افراد ہلاک
اتراکھنڈ :سیلاب - لینڈ سلائیڈنگ سے 5افراد ہلاک

 



دہرادون/ آواز دی وائس
اتراکھنڈ کے مختلف علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارش کے دوران چمولی، رودر پریاگ، ٹہری اور باگیشر اضلاع میں جمعہ کی صبح شدید بارش، برساتی نالوں میں طغیانی، ملبہ آنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سے تباہی مچ گئی، جس میں ایک ہی خاندان کے دو افراد سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 11 دیگر لاپتہ ہیں۔ کئی دیگر کے بھی لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ان واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کے کام جنگی پیمانے پر جاری ہیں اور وہ مسلسل حکام کے رابطے میں ہیں۔ حکام نے بتایا کہ چمولی، رودر پریاگ، ٹہری اور باگیشر اضلاع میں کئی مقامات پر رات بھر بارش وقفے وقفے سے جاری رہی۔
ریاستی آفات مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق باگیشر ضلع کے کپکوٹ کے پاؤساری گاؤں میں صبح تین بجے شدید بارش کے باعث پہاڑی سے ملبہ آیا جس کی زد میں پانچ سے چھ مکانات دب گئے۔ اس حادثے میں دو خواتین ہلاک ہو گئیں جبکہ تین دیگر افراد لاپتہ ہوگئے۔
ہلاک ہونے والی خواتین کی شناخت بسنتی دیوی جوشی اور بچولی دیوی کے طور پر ہوئی ہے۔ لاپتہ افراد میں بسنتی دیوی کے شوہر رمیش چندر جوشی، گریش اور پورن جوشی شامل ہیں۔ اس واقعہ میں بسنتی دیوی کا بیٹا پون زخمی ہوگیا۔
ایک اور واقعہ میں چمولی ضلع کی تھرالی تحصیل کے دیوال علاقے کے موپاٹا گاؤں میں بھاری بارش کے باعث ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ  کی زد میں آنے سے ایک جوڑے کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا جوڑا زخمی ہوگیا۔
چمولی کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر سندیپ تیواری نے بتایا کہ موپاٹا میں ایک مکان اور ایک گؤشالہ بھوسکھلن کی زد میں آگئے، جس میں رہنے والے تارا سنگھ اور ان کی اہلیہ کملا دیوی ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ ملبے میں دبے وکرم سنگھ اور ان کی اہلیہ کو نکال لیا گیا ہے لیکن وہ زخمی ہیں۔ گؤشالہ میں بندھے تقریباً 25 مویشی بھی ملبے میں لاپتہ ہوگئے۔
رودر پریاگ ضلع کے بسوکی دار اور جکھولی علاقوں کے نصف درجن گاؤں —— تالجامن، چھینا گاڑ، بڑےتھ، سیورن، کِمانا اور ارکھنڈ میں بھی صبح ساڑھے تین بجے شدید بارش کے باعث برساتی نالوں میں پانی اور ملبے کا سیلاب آیا، جس سے کئی مکان اور گؤشالے دب گئے۔ اس حادثے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ چار مزدوروں سمیت آٹھ دیگر لاپتہ ہوگئے۔
ہلاک خاتون کی شناخت جکھولی کی رہائشی سرِتا دیوی کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ لاپتہ افراد میں چھینا گاڑ بازار کے ستی سنگھ نیگی، کلدیپ سنگھ نیگی، راج بگانا، نیرج اور چار دیگر مزدور شامل ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق چھینا گاڑ ڈونگر گاؤں اور جولا بڑےتھ گاؤں میں بھی کچھ لوگوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
سیورن گاؤں میں کچھ مکانات کو نقصان پہنچا اور ایک گاڑی بھی بہہ گئی، تالجامن میں کچھ عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں یا وہ دھنس گئیں، کِمانا میں کھیتوں اور سڑک پر بڑے بڑے پتھر اور ملبہ آیا، جبکہ ارکھنڈ میں ایک تالاب اور پولٹری فارم بہہ گیا۔
برساتی نالوں میں طغیانی سے 30 سے 40 خاندان پھنس گئے تھے، جن میں سے 200 افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔ ٹہری ضلع کے بال گنگا علاقے کے گینوالی گاؤں میں بھی شدید بارش سے کافی نقصان ہوا، لیکن وہاں جانی نقصان نہیں ہوا۔
اتھارٹی کے مطابق جمعہ کی صبح تین بجے شدید بارش کے دوران گینوالی کے برساتی نالے میں آئے ملبے سے ذاتی جائیدادوں کو نقصان پہنچا۔ گاؤں میں دو مندر، دو چھپر، ایک گؤشالہ، زرعی زمین اور رابطہ سڑک تباہ ہوگئے۔ ملبے میں دو مویشی دب گئے جبکہ ایک پیدل پل بھی ٹوٹ گیا۔
اتھارٹی کے مطابق متاثرہ مقامات پر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور ریونیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش، بچاؤ اور راحت کے کام جنگی پیمانے پر کر رہی ہیں۔ مسلسل بارش کے سبب الکنندا اور اس کی معاون ندیاں اور مندکنی ندی کا پانی بڑھ رہا ہے۔ بدری ناتھ قومی شاہراہ پر دھاری دیوی اور رودر پریاگ کے درمیان الکنندا ندی کا پانی سڑک پر بہنے لگا، جس کے باعث ٹریفک روک دیا گیا ہے۔
ندیوں کے بپھرنے کے خدشے کے پیش نظر پولیس دریاؤں کے کنارے رہنے والے لوگوں کو اعلان کے ذریعے محتاط کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مسلسل افسران کے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے آفات سے متعلق سکریٹری اور ضلع مجسٹریٹوں سے بات کر کے مؤثر بچاؤ کارروائیوں کے لیے ہدایات دی ہیں۔
بعد ازاں دھامی نے متاثرہ اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں سے گفتگو کر کے راحت و بچاؤ کاموں کو تیز کرنے کے احکامات دیے اور کہا کہ متاثرہ افراد کو فوراً محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے سینئر افسران کے ساتھ آفات مینجمنٹ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں واضح کیا کہ مانسون سیزن تک حکومت اور انتظامیہ الرٹ موڈ پر رہے، اور ضلع مجسٹریٹوں کو ضروری وسائل و سہولیات فوراً فراہم کی جائیں۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو مقررہ اصولوں کے مطابق جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جائے۔