جمشیدپور
جمشیدپور کے مختلف علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران ایک میاں بیوی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے پیر کے روز یہ جانکاری دی۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 3.50 لاکھ روپے مالیت کی ’براؤن شوگر‘ برآمد کی گئی۔
مشرقی سنگھ بھوم کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پیوش پانڈے کے مطابق، پولیس نے ممنوعہ منشیات کے 175 چھوٹے پیکٹ ضبط کیے، جن کا مجموعی وزن 26.84 گرام ہے اور ان کی اندازاً قیمت 3.50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے برما مائنز تھانہ علاقے کی گاندھی نگر بستی سے سنتوش سنگھ اور اس کی بیوی عائشہ خاتون کو 124 پیکٹ ’براؤن شوگر‘ کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
ان سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے گووندپور تھانہ علاقے سے گورو کمار اور امت کمار کو بالترتیب 20 اور 19 پیکٹ منشیات کے ساتھ گرفتار کیا۔
پیوش پانڈے نے مزید بتایا کہ ایک اور اسمگلر سنجے گوسوامی کو مینگو پولیس تھانہ علاقے سے 12 پیکٹ منشیات کے ساتھ پکڑا گیا۔گرفتار کیے گئے تمام افراد کے خلاف ’نشہ آور ادویات اور نفسیاتی اثرات والے مادّوں کے قانون‘ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔