نئی دہلی / آواز دی وائس
جس عورت کے ہاتھوں میں چوڑیاں خوبصورت لگتی ہیں، اسی عورت کے ہاتھ میں ہتھیار، وطن کے لیے جذبہ، فولاد جیسی ہمت اور مشکل حالات سے لڑنے کی طاقت بھی نہایت خوبصورت دکھتی ہے۔ وردی میں جب خواتین نکلتی ہیں تو یہ ان پر جچتی ہے۔ لیکن، اس وردی کو پہننے کے لیے گھر کی چار دیواری سے نکل کر ملک کی حفاظت تک پہنچنے کے سفر میں ان خواتین نے بڑی لڑائی لڑی ہے۔ اس کے نتیجے میں آج جب خواتین فورس میں دکھائی دیتی ہیں تو فخر ہوتا ہے۔
آپریشن سیندور میں دو خاتون افسران کا نام پورے ملک نے سنا اور ان کے جذبے کی خوب تعریف ہوئی۔ لیکن یہ ماننے سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ خواتین اب بھی فوج میں مردوں کے مقابلے برابر تعداد میں نہیں ہیں۔ البتہ اب آہستہ آہستہ وہ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ اسی دوران سی آئی ایس ایف نے ایک بڑا تاریخ ساز قدم اٹھایا ہے۔ مرکزی صنعتی سلامتی فورس نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس نے اپنی پہلی خواتین کمانڈو ٹیم قائم کر دی ہے۔
پہلی بار خواتین کمانڈو ٹیم
سی آئی ایس ایف نے اپنی پہلی خواتین کمانڈو ٹیم شروع کر دی ہے۔ یہ سننا ہی ایک مثبت پیغام ہے کہ اب صرف خواتین کے بااختیار بنانے کی بات نہیں ہو رہی بلکہ عملی طور پر تبدیلی نظر آنے لگی ہے۔ خواتین کمانڈوز کو ایئرپورٹس اور دیگر حساس یونٹس میں تعینات کیا جائے گا۔
اس کے تحت تقریباً 100 خواتین سی آئی ایس ایف جوانوں کو خاص تربیت دی جائے گی، جیسے کہ
جسمانی فٹنس اور ہتھیار چلانا
دباؤ میں فائرنگ کی مشق
برداشت بڑھانے والے سخت عملی کورس
جنگل میں زندہ رہنے کی ٹریننگ
۔48 گھنٹے کے مشق، جس میں مشکل حالات میں ٹیم ورک اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو پرکھا جائے گا۔
یہ تربیت خواتین کو سلامتی کی فرنٹ لائن میں اور بھی مضبوط بنائے گی۔ خواتین کمانڈوز کی یہ ٹریننگ مدھیہ پردیش کے بڑواہ واقع ریجنل ٹریننگ سینٹر میں شروع ہو چکی ہے۔ یہ کورس 8 ہفتوں کا ہوگا، جو انہیں کوئیک ریسپانس ٹیم اور اسپیشل ٹاسک فورس میں کام کرنے کے قابل بنائے گا۔ پہلا بیچ 30 خواتین پر مشتمل ہے جو مختلف ایئرپورٹس پر تعینات ہیں، اور یہ 11 اگست سے 4 اکتوبر 2025 تک تربیت لیں گی۔ دوسرا بیچ 6 اکتوبر سے 29 نومبر 2025 تک ٹریننگ کرے گا۔
ابتدائی طور پر، ایوی ایشن سیکیورٹی گروپ اور سی آئی ایس ایف کی دیگر حساس یونٹس سے کم از کم 100 خواتین یہ کورس مکمل کریں گی۔ سی آئی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ اب ایسے خواتین کورس ہر سال ٹریننگ کیلنڈر کا حصہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو فورس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل کرنا صنفی مساوات کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ حکومت کے ہدف کے مطابق، سی آئی ایس ایف میں 10 فیصد خواتین کی نمائندگی یقینی بنانے کے لیے بھرتی بڑھائی جائے گی۔
سی آئی ایس ایف میں خواتین کی تعداد
فی الحال سی آئی ایس ایف میں کل فورس کا تقریباً 8 فیصد خواتین ہیں، یعنی 12,491 خواتین اہلکار خدمت میں ہیں۔ جبکہ سی آئی ایس ایف میں کل 1.70 لاکھ سے زیادہ جوان ہیں جن کا بنیادی کام 69 ایئرپورٹس، دہلی میٹرو اور کئی سرکاری و نجی اداروں کی حفاظت کرنا ہے۔
ہدف طے کیا گیا ہے کہ سال 2026 تک 2,400 مزید خواتین کی بھرتی کی جائے گی تاکہ فورس میں کم از کم 10 فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ سوچنے والی بات ہے کہ آزادی کے 78 سال بعد بھی ہم فورس میں خواتین کی صرف 10 فیصد نمائندگی کا ہدف حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ لیکن، اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو یہ وہی ملک ہے جہاں کبھی ستی كرتا تھا ، جہاں خواتین کو تعلیم سے دور رکھا جاتا تھا، بچپن میں ہی شادی کر دی جاتی تھی، اور گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ اب اسی ملک میں خواتین فورس میں شامل ہو رہی ہیں اور سلامتی کی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں۔
وقت کے ساتھ بدلا ہوا منظرنامہ
سال 2010 میں خواتین کی یہ تعداد اور بھی کم تھی۔ اس وقت کے سی آئی ایس ایف ڈائریکٹر جنرل این آر داس نے کہا تھا کہ سی آئی ایس ایف میں خواتین کا اہم کردار ہے، خاص طور پر ایئرپورٹس اور دہلی میٹرو میں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس وقت مختلف رینکس میں 4,000 سے زیادہ خواتین تھیں، جن میں سے 90 فیصد سے زائد خواتین کومبیٹ ڈیوٹی پر تعینات تھیں۔
خواتین افسران کی کامیابی
ایک اور بڑی کامیابی یہ ہے کہ سی آئی ایس ایف میں آئی جی رینک پر چار خواتین افسران ہیں۔
شانتی جیدیو – ایسٹرن سیکٹر
جیوتی سنہا – محکمہ جوہری توانائی اور محکمہ خلائی سائنس
پرتھیبا اگروال – ٹیکنیکل و پروویژنگ (ہیڈکوارٹر)
نیلما رانی – سینٹرل سیکٹر
سی آئی ایس ایف نے بتایا کہ فورس میں آئی جی رینک کی کل 16 پوسٹیں ہیں، جن میں سے 8 آئی پی ایس افسروں کے لیے اور 8 سی آئی ایس ایف کیڈر افسروں کے لیے مختص ہیں۔ ان 8 کیڈر پوسٹوں میں سے اب 50 فیصد خواتین کے پاس ہیں۔