مسلمان مرد کی دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی رضا مندی لازمی- کیرالہ ہائی کورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2025
مسلمان مرد کی دوسری شادی کے لیے  پہلی بیوی کی رضا مندی لازمی- کیرالہ  ہائی کورٹ
مسلمان مرد کی دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی رضا مندی لازمی- کیرالہ ہائی کورٹ

 



کوزی کوڈ ۔ کیرالہ ہائی کورٹ نے حال ہی میں ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کسی مسلمان مرد کی دوسری شادی کو کیرالہ رجسٹریشن آف میرجز (کامَن) رولز 2008 کے تحت اس وقت تک درج نہیں کیا جا سکتا جب تک پہلی بیوی کو اطلاع نہ دی جائے اور اس کا مؤقف نہ سنا جائے۔جسٹس پی وی کنہي کرشنن نے کہا کہ اگرچہ مسلم پرسنل لا ایک مرد کو بیک وقت ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کی اجازت دیتا ہے، لیکن یہ حق آئین میں درج مساوات اور منصفانہ سماعت کے اصولوں سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔

عدالت نے واضح کیا کہ شادی کا اندراج قانونی تقاضا ہے، اور 2008 کے قواعد کے مطابق پہلی بیوی، جس کا ازدواجی تعلق اب بھی قائم ہے، کو نوٹس دینا لازمی ہے۔
فیصلے میں کہا گیاکہ جب کوئی مرد دوسری شادی کا اندراج کروانا چاہتا ہے تو اسے آئینی تقاضوں کا احترام کرنا چاہیے۔ اگر پہلی بیوی کے ساتھ اس کا نکاح قائم ہے تو اسے اطلاع دیے بغیر دوسری شادی کا اندراج نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ اگر پہلی بیوی دوسری شادی کے اندراج پر اعتراض کرے اور اسے غیر قانونی قرار دے، تو رجسٹرار کو فوری طور پر معاملہ سول کورٹ کے حوالے کرنا چاہیے تاکہ یہ طے ہو سکے کہ شادی ان کے شخصی قانون کے مطابق درست ہے یا نہیں۔جسٹس کنہی کرشنن نے مزید کہا کہ اگر شوہر پہلی بیوی کی پرواہ نہیں کرتا، اسے خرچ نہیں دیتا یا اس پر ظلم کرتا ہے اور پھر اپنے شخصی قانون کا سہارا لے کر دوسری شادی کرتا ہے، تو کم از کم شادی کے اندراج کے وقت پہلی بیوی کو سنے جانے کا موقع دینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ  آئینی حقوق کو مذہبی آزادی کے نام پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ صنفی مساوات ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ مرد عورتوں سے برتر نہیں۔ جنس کی برابری عورتوں کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ قرآن و حدیث کے اصول انصاف، دیانت داری اور شفافیت کی تعلیم دیتے ہیں، اس لیے اگر کوئی مسلمان مرد دوسری شادی کا اندراج کرانا چاہتا ہے، تو جب پہلی بیوی زندہ اور رشتہ قائم ہو، اس کی رائے سنی جانی چاہیے۔

البتہ عدالت نے وضاحت کی کہ اگر پہلی بیوی کو طلاق دی جا چکی ہو تو اس صورت میں نوٹس دینے کی ضرورت نہیں۔یہ مقدمہ ایک مسلمان مرد اور اس کی دوسری بیوی کی طرف سے دائر کیا گیا تھا، جن کی شادی تھریکاری پور گرام پنچایت نے رجسٹر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔مرد نے عدالت میں تسلیم کیا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے بھی ہیں۔ اس کا دعویٰ تھا کہ اس نے پہلی بیوی کی اجازت سے 2017 میں دوسری شادی کی، اور وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے تحفظ اور جائیداد میں حق یقینی بنانے کے لیے شادی رجسٹر کرانا چاہتے ہیں۔

رجسٹرار کے انکار کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ چونکہ مسلم قانون ایک مرد کو چار شادیاں کرنے کی اجازت دیتا ہے، لہٰذا رجسٹرار کو دوسری شادی درج کرنے کا پابند ہونا چاہیے۔تاہم عدالت نے قرآن کی روح کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں اصل اصول یک زوجگی(Monogamy) ہے، اور ایک سے زائد شادی صرف اس صورت میں جائز ہے جب شوہر اپنی تمام بیویوں کے ساتھ انصاف کر سکے۔

عدالت نے کہا کہ اگرچہ قرآن میں پہلی بیوی کی رضامندی کو لازمی نہیں کہا گیا، لیکن اسے اطلاع دینا یا اس کی رائے لینا انصاف، شفافیت اور مساوات کے اصولوں کے مطابق ہے ، جو کہ مذہبی اور آئینی دونوں اقدار کا حصہ ہیں۔

2008 کے رول 11 کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ رجسٹرار کو یہ جانچنے کا حق ہے کہ آیا کسی فریق کی پہلے سے شادی تو نہیں، اور اگر ہے تو دوسری شادی کے اندراج سے پہلے پہلی بیوی کو اطلاع دینا انصاف کا تقاضا ہے۔

عدالت نے کہا کہ پہلی بیوی محض تماشائی نہیں بن سکتی جبکہ اس کے شوہر کی دوسری شادی درج کی جا رہی ہو۔ اگر مرد کا شخصی قانون اسے دوسری شادی کی اجازت دیتا ہے تو ٹھیک، لیکن شادی کے اندراج کے وقت ملک کے قوانین کو ترجیح حاصل ہوگی۔ ایسے حالات میں مذہب ثانوی ہے اور آئینی حقوق اولین۔ یہ فطری انصاف کا بنیادی اصول ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ پہلی بیوی کو سنے جانے کا موقع دینا محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ ممکنہ ناانصافی سے بچاؤ کا ایک ضروری ذریعہ ہے۔

جسٹس کنہی کرشنن نے لکھا کہ یہ عدالت پہلی بیوی کے جذبات کو نظرانداز نہیں کر سکتی۔ میرا یقین ہے کہ 99.99 فیصد مسلم خواتین اپنے شوہر کی دوسری شادی کے خلاف ہوں گی جب ان کا ازدواجی رشتہ برقرار ہو، اگرچہ وہ معاشرے میں یہ بات ظاہر نہ کریں۔ ان کے جذبات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، خاص طور پر جب ان کے شوہر اپنی دوسری شادی رجسٹر کروانے جا رہے ہوں۔

عدالت نے آخر میں واضح کیا کہ اگر پہلی بیوی کو سنے بغیر درخواست دی گئی ہے تو وہ ناقابلِ سماعت ہے، تاہم فریقین دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ پہلی بیوی کو نوٹس جاری کیا جائے۔فیصلے کے آخر میں عدالت نے کہاکہ مسلم خواتین کو بھی یہ حق ملنا چاہیے کہ جب ان کے شوہر دوبارہ شادی کریں تو کم از کم شادی کے اندراج کے وقت ان کی بات سنی جائے۔یہ مقدمہ وکلا اسوانت پی ٹی اور مانوئل پی جے نے دائر کیا، جبکہ ریاست کی نمائندگی گورنمنٹ پلیڈر جسی ایس سلیم نے کی۔