نِسار سیٹلائٹ کی پہلی تصاویر میں امریکہ کے جنگلات، دلدلی علاقے اور جزیروں کی جھلک

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-09-2025
نِسار سیٹلائٹ کی پہلی تصاویر میں امریکہ کے جنگلات، دلدلی علاقے اور جزیروں کی جھلک
نِسار سیٹلائٹ کی پہلی تصاویر میں امریکہ کے جنگلات، دلدلی علاقے اور جزیروں کی جھلک

 



نئی دہلی: ناسا اور اسرو (ISRO) کے مشترکہ سیٹلائٹ ’نِسار‘ سے حاصل ہونے والی پہلی تصاویر میں امریکہ کے تنگ آبی راستے، جزائر، جنگلات، دلدلی علاقے اور وسیع کھیت صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ تصاویر رواں ہفتے کے آغاز میں امریکی خلائی ادارے ناسا نے جاری کیں۔

’نِسار‘ کو اب تک کا سب سے مہنگا سیٹلائٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ 21 اگست کو لی گئی ایک تصویر میں امریکی ریاست مین (Maine) کے ساحل پر واقع ماؤنٹ ڈیزرٹ آئی لینڈ دکھایا گیا ہے، جہاں جزیرے کے درمیان سے ایک تنگ آبی راستہ گزرتا ہے اور اس کے اطراف میں پانی پر چھوٹے چھوٹے جزائر نظر آ رہے ہیں۔

اسی طرح 23 اگست کو ’ایل-بینڈ ایس اے آر‘ (L-Band SAR) نے شمال مشرقی نارتھ ڈکوٹا کے اس حصے کا ڈیٹا جمع کیا، جو گرینڈ فورکس اور والش کاؤنٹیز سے گھرا ہوا ہے۔ اس تصویر میں فاریسٹ دریا مغرب سے مشرق اور شمال سے جنوب کی طرف کھیتوں کے درمیان سے گزرتا دکھائی دے رہا ہے۔ گہرے سبز رنگ بنجر زرعی زمین کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ ہلکے رنگ چراگاہوں یا سویا بین اور مکئی جیسی فصلوں کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

واشنگٹن میں ناسا ہیڈکوارٹر کی سائنس مشن ڈائریکٹوریٹ کی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر نکی فاکس نے کہا: "یہ ابتدائی تصاویر محض ایک جھلک ہیں اُن سائنسی تحقیقات کی جو مستقبل میں نِسار کے ذریعے کی جائیں گی۔

یہ ڈیٹا اور معلومات سائنس دانوں کو زمین اور برف کی بدلتی سطحوں کا بے مثال تفصیل سے مطالعہ کرنے کے قابل بنائیں گی اور پالیسی سازوں کو قدرتی آفات اور دیگر چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بہتر تیاری کا موقع دیں گی۔" ’نِسار‘ سیٹلائٹ کو 30 جولائی کو آندھرا پردیش کے سریہری کوٹا میں اسرو کے ستیہ دھون اسپیس سینٹر سے لانچ کیا گیا تھا۔