پہلی بُلٹ ٹرین کا 2027 میں آغاز ہوگا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-09-2025
پہلی بُلٹ ٹرین کا 2027 میں آغاز ہوگا
پہلی بُلٹ ٹرین کا 2027 میں آغاز ہوگا

 



سورت: ریلوے کے وزیر اشوینی ویشنو نے ہفتے کے روز یہاں اعلان کیا کہ ہندوستان کی پہلی بُلٹ ٹرین پروجیکٹ کا سورت سے بلِمورا کے درمیان 50 کلومیٹر طویل حصہ سال 2027 میں کھول دیا جائے گا، جبکہ 2029 تک ممبئی سے احمدآباد کے درمیان پورا سیکشن عوام کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن شروع ہونے کے بعد بُلٹ ٹرین ممبئی اور احمدآباد کے درمیان فاصلہ صرف دو گھنٹے سات منٹ میں طے کر لے گی۔ ریلوے وزیر کے مطابق ہندوستان کی پہلی بُلٹ ٹرین پروجیکٹ انتہائی اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اشوینی ویشنو نے زیر تعمیر سورت بُلٹ ٹرین اسٹیشن کا معائنہ کیا اور پٹری بچھانے کے کام کے ساتھ اس کے پہلے "ٹرن آؤٹ انسٹالیشن" کا جائزہ بھی لیا۔

انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا: "پہلی بُلٹ ٹرین پروجیکٹ کی مجموعی پیش رفت بہت اچھی ہے۔ سورت اور بلِمورا کے درمیان پروجیکٹ کا پہلا 50 کلومیٹر کا حصہ 2027 تک کھل جائے گا۔ ہم اس کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ 2028 تک پورا ٹھانے سے احمدآباد سیکشن شروع ہو جائے گا اور 2029 تک ممبئی تا احمدآباد پورا سیکشن کھل جائے گا۔"