سری نگر: جموں و کشمیر سے 435 عازمین کا پہلا قافلہ ہفتہ کے روز حج 2026 کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گیا۔ ان میں 234 مرد اور 201 خواتین شامل ہیں۔ عازمین حج ہاؤس سے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے جہاں سے وہ تین پروازوں کے ذریعے مدینہ کے لیے روانہ ہوں گے۔
پہلی پرواز 145 عازمین کو لے کر دوپہر 12:20 بجے روانہ ہوگی جبکہ دوسری اور تیسری پرواز بالترتیب 2:15 بجے اور 3:15 بجے روانہ ہوں گی۔ عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 28 اپریل تک جاری رہے گا۔ حج ہاؤس اور سری نگر ہوائی اڈے پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ حج ہاؤس میں عازمین کے سامان کی جانچ کے لیے چیک ان کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں جبکہ ہوائی اڈے پر احرام باندھنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔


ہفتہ کی صبح عازمین کے ساتھ آنے والے سیکڑوں رشتہ داروں نے لبیک اللہم لبیک کا ورد کیا جو حج اور عمرہ کے دوران پڑھی جانے والی ایک مقدس دعا ہے۔ اس سال ہندستان سے 175025 عازمین حج ادا کریں گے جن میں 4704 جموں و کشمیر سے ہیں۔ ان میں 2200 خواتین شامل ہیں جبکہ 13 خواتین بغیر محرم کے بھی شامل ہیں۔
عازمین نے انتظامیہ اور جموں و کشمیر حج کمیٹی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ روانگی کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور حج ہاؤس و ایئرپورٹ روڈ پر اضافی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔جموں و کشمیر کے کل عازمین میں سے 1000 دہلی سے روانہ ہوں گے جبکہ 50 ممبئی ہوائی اڈے سے سفر شروع کریں گے۔ باقی عازمین سری نگر ہوائی اڈے سے روانہ ہوں گے۔
ادھر سعودی عرب نے اس سال حج کے لیے کئی نئی تبدیلیاں نافذ کی ہیں۔ ان میں سخت طبی جانچ شامل ہے جس کے تحت بعض سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔ عزیزیہ جیسے مقامات پر خود کھانا پکانے کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ پہلی بار عازمین کو سم پر مبنی اسمارٹ واچ فراہم کی گئی ہیں تاکہ ان کی نگرانی کی جا سکے۔

جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر شجاعت قریشی نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی حد 40 کلو سے کم کر کے 25 کلو کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن کی کارروائی سری نگر میں مکمل کی جائے گی جس کے بعد پروازیں دہلی میں ایندھن کے لیے رکیں گی اور پھر مدینہ کے لیے روانہ ہوں گی۔
گزشتہ برسوں میں حج درخواستوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔ 2023 میں 14500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 12000 افراد کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا گیا۔ 2024 میں 11500 کے کوٹے کے مقابلے میں صرف 7800 درخواستیں آئیں۔ اسی طرح 2025 میں 8100 نشستوں کے مقابلے میں 4300 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جبکہ اس سال 2026 میں 7900 کے کوٹے کے مقابلے میں صرف 4704 عازمین حج کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔