کولکاتا: کولکاتا پولیس نے ترنمول کانگریس کی طلبہ تنظیم ترنمول چَھاتر پریشد (ٹی ایم سی پی) کے اجلاس سے متعلق کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے میں مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف ہفتہ کو ازخود نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ ایف آئی آر جمعہ کو کولکاتا میں ٹی ایم سی پی کے یومِ تاسیس کے پروگرام کے انعقاد کے لیے کلکتہ ہائی کورٹ کی جانب سے عائد شرائط کی مبینہ خلاف ورزی پر درج کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے ساتھ ساتھ ٹی ایم سی پی اجلاس کے منتظمین کے خلاف بھی ہیسٹنگز پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس افسر نے کہا، ’’عدالت کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ تفتیش کے دوران حکم کی خلاف ورزی میں ملوث تمام افراد کے کردار کی جانچ کی جائے گی۔ بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی مختلف دفعات کے تحت 28 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا۔‘
‘ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو وسطی کولکاتا کی کیتھیڈرل روڈ پر اجلاس منعقد کرنے کے لیے عدالت کی جانب سے عائد شرائط کا جائزہ لینے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر ہیسٹنگز پولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر آپو بیدیا کی شکایت کی بنیاد پر درج ہوئی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ ممتا بنرجی اور پروگرام کے منتظمین نے مبینہ طور پر مجرمانہ سازش کی اور اس کے تحت ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی۔
پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ پروگرام کے دوران ٹی ایم سی پی کے حامیوں نے بیریکیڈ توڑ دیے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکم پیل کی، جس کے باعث افراتفری کی صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام میں شریک افراد نے کیتھیڈرل روڈ کے ایک جانب گاڑیوں کی آمدورفت بھی مبینہ طور پر متاثر کی۔
پولیس کے مطابق الزامات میں ہائی کورٹ کی ہدایات کی خلاف ورزی، ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنا اور موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں سے متعلق واقعات شامل ہیں۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ سڑک کے ایک جانب گاڑیوں کی آمدورفت متاثر نہ ہونے دی جائے۔
جسٹس سوگت بھٹاچاریہ نے منگل کو حکم دیا تھا کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد 1,500 تک محدود رکھنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے پولیس کو امن و امان برقرار رکھنے اور ٹی ایم سی پی کے پروگرام کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کی بھی ہدایت دی تھی۔