نئی دہلی / آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف سوشل میڈیا پر ’قابلِ اعتراض‘ پوسٹ کرنے کے الزام میں راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں درج کی گئی ہے۔
گڑھ چرولی کے بی جے پی ایم ایل اے ملند رام جی ناروٹے کی شکایت پر یہ ایف آئی آر درج ہوئی۔ گڑھ چرولی تھانے میں ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی مختلف دفعات—196(1)(اے )(بی)، 356(2)(3)، 352، 353(2)—کے تحت تیجسوی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس آئی آر کے معاملے پر سیاسی گھمسان
بہار میں اس سال اکتوبر-نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور انتخابی کمیشن جلد ہی تاریخوں کا اعلان کر سکتا ہے۔ اس سے پہلے بہار میں ایس آئی آر کے مسئلے پر زبردست سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ اپوزیشن لگاتار اس معاملے پر آواز بلند کر رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں سماعت
ایس آئی آر کے معاملے میں سپریم کورٹ نے جمعہ کو سماعت کی۔ عدالتِ عظمیٰ نے سیاسی پارٹیوں سے کہا کہ وہ ایس آئی آر کے دوران ایسے لوگوں کی مدد کریں جو ووٹر لسٹ کے ڈرافٹ سے باہر رہ گئے ہیں۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باغچی کی بینچ نے اس بات پر حیرانی ظاہر کی کہ بہار میں سیاسی جماعتوں کے 1.60 لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول ایجنٹ ہیں لیکن الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں صرف دو اعتراضات درج ہوئے ہیں۔
لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی، سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سمیت کئی اپوزیشن لیڈر ایس آئی آر کے خلاف ریلیاں نکال رہے ہیں۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ایس آئی آر کے ذریعے پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں کے ووٹ کاٹنے کی سازش کر رہا ہے۔
اویسی نے سوال اٹھائے
اسی دوران آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر کی وجہ سے بہار کے ’حقیقی‘ لوگ، خصوصاً مسلمان، ووٹر لسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہوں گے ان کی شہریت پر سوال کھڑے ہوں گے۔