تیجسوی یادو کے خلاف ایف آئی آر درج

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-09-2025
تیجسوی یادو کے خلاف ایف آئی آر درج
تیجسوی یادو کے خلاف ایف آئی آر درج

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کے سابق ڈپٹی سی ایم اور قائدِ حزبِ اختلاف تیجسوی یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ دربھنگہ کے سنگھواڑہ تھانے میں آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو پر یہ ایف آئی آر درج ہوئی۔ تیجسوی یادو کے ساتھ ہی رکنِ پارلیمان سنجے یادو سمیت مہاگٹھ بندھن کے 4 رہنماؤں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر ایک خاتون کی جانب سے کرائی گئی ہے۔
خاتون نے کیا الزام لگایا؟
ایف آئی آر درج کروانے والی خاتون گڑیا دیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ مائی بہن یوجنا کا فارم بھرنے کے نام پر خواتین سے 200 روپے کی  ٹھگی کی گئی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ اس یوجنا کے لیے سادہ لوح خواتین سے آدھار نمبر، بینک اکاؤنٹ نمبر اور موبائل نمبر لے کر ان کا غلط استعمال کیا گیا۔
کن رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی؟
دربھنگہ میں قائدِ حزبِ اختلاف تیجسوی یادو، راجیہ سبھا رکن سنجے یادو، سابق ایم ایل اے و آر جے ڈی رہنما رشی مشرا اور کانگریس کے سابق امیدوار مسکور احمد عثمانی سمیت چار افراد کے خلاف یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس بارے میں سنگھواڑہ تھانہ انچارج بنت کمار نے تصدیق کی اور کہا کہ خاتون کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اور اب اعلیٰ افسران کے حکم پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
مائی بہن یوجنا کیا ہے؟
مائی بہن یوجنا بہار میں خواتین کے بااختیار بنانے اور انہیں مالی مدد فراہم کرنے کے لیے ایک تجویز کردہ فلاحی اسکیم ہے۔ یہ اسکیم بنیادی طور پر آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے بہار اسمبلی انتخابات 2025 سے قبل اعلان کی تھی۔ اس کا مقصد معاشی طور پر کمزور خواتین کو مالی مدد دینا ہے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں اور ان کی سماجی شمولیت میں اضافہ ہو سکے۔