نئی دہلی
بی جے پی کی رکنِ پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے ایک رکنِ اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
سائبر پولیس تھانے کے انچارج راجیو کمار تیواری نے بتایا کہ رانی گنج سے ایس پی کے رکنِ اسمبلی راکیش کمار ورما کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں مبینہ طور پر انہوں نے کنگنا رناوت کے خلاف قابلِ اعتراض تبصرہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو کی بنیاد پر بی جے پی یوا مورچہ کے ضلعی صدر انشومان سنگھ نے شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ ایس پی رکنِ اسمبلی نے خاتون رکنِ پارلیمنٹ کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق، راکیش کمار ورما کے خلاف ہندوستانی نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ 352 (امن عامہ میں خلل ڈالنے کے مقصد سے جان بوجھ کر توہین) اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات سمیت دیگر قانونی شقوں کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔