نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ قومی اقلیتی کمیشن (این سی ایم) میں خالی عہدوں کے باعث کمیشن کے ’’غیر فعال‘‘ ہونے کے معاملے پر ایک واضح اور مفصل حلف نامہ داخل کرے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ تقرری کے پورے عمل کی تفصیلات اور اسے مکمل کرنے کی مدت (ٹائم لائن) بھی بتائی جائے۔
چیف جسٹس ڈی کے اُپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ وزارتِ امورِ اقلیتی کے انڈر سیکریٹری کی جانب سے داخل کی گئی اسٹیٹس رپورٹ ’’بالکل بے بنیاد اور مبہم‘‘ ہے۔ عدالت نے کہا، "اس رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وزارت نے تقرری کا عمل کب شروع کیا، اس عمل کے مختلف مراحل کیا ہیں اور تقرری کا عمل کہاں تک پہنچا ہے۔"
عدالت نے حکم دیا، "لہٰذا ہم فریقِ مخالف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مذکورہ تفصیلات کے ساتھ ایک واضح حلف نامہ داخل کرے اور تقرری کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے ایک معینہ مدت طے کرے۔" عدالت نے مرکزی حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دیا ہے اور اس معاملے کی اگلی سماعت کی تاریخ 27 فروری مقرر کی ہے۔
ہائی کورٹ نے 30 جنوری کو این سی ایم میں خالی عہدوں کے باعث کمیشن کے ’’غیر فعال‘‘ ہونے پر تشویش ظاہر کی تھی اور مرکز سے پوچھا تھا کہ اس ادارے میں تمام عہدے کب تک پُر کیے جائیں گے۔ این سی ایم میں خالی عہدوں کے مسئلے پر مجاہد نفیس نامی شخص کی جانب سے دائر کی گئی مفادِ عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران بنچ نے کہا تھا کہ یہ ایک قانونی (آئینی) ادارہ ہے، جس میں گزشتہ سال اپریل سے نہ کوئی چیئرمین ہے اور نہ ہی کوئی رکن۔ عدالت نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ تمام خالی عہدوں کو پُر کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل کے ساتھ ایک حلف نامہ داخل کرے۔