ممبئی میں خاتون منشیات فروش کائنات شیخ پہلی بار مکوکا کے تحت گرفتار

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2025
ممبئی میں خاتون منشیات فروش کائنات شیخ پہلی بار مکوکا کے تحت گرفتار
ممبئی میں خاتون منشیات فروش کائنات شیخ پہلی بار مکوکا کے تحت گرفتار

 



ممبئی:ممبئی پولیس نے منشیات کے بڑے ریکیٹ کو توڑتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک خاتون کے خلاف مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) نافذ کیا ہے۔ پولیس نے 26 سالہ کائنات شیخ کو حراست میں لیا ہے، جو مبینہ طور پر منشیات کے ایک منظم نیٹ ورک کی مرکزی کردار اور ماسٹر مائنڈ سمجھی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق باندرہ اینٹی نارکوٹکس سیل (اے این سی) نے کائنات کو دہیسر میں اس کی بہن کے گھر سے گرفتار کیا، جہاں وہ اپنے بھتیجے عدنان شیخ کی گرفتاری کے بعد روپوش ہوگئی تھی۔ عدنان اور کائنات پر الزام ہے کہ وہ ایک ایسے نیٹ ورک کو چلا رہے تھے جس میں پورٹرز کے ذریعے میفیڈرون (ایم ڈی) کے چھوٹے پیکٹ پہنچائے جاتے تھے تاکہ پولیس کی گرفت سے بچا جا سکے۔
تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ کائنات کے شوہر جبار قریشی کو بھی چند ماہ قبل 500 گرام ایم ڈی کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت جیل میں ہے۔ شوہر کی گرفتاری کے بعد کائنات نے عدنان کے ساتھ مل کر نیٹ ورک کی باگ ڈور سنبھالی اور اس کو مزید وسعت دی۔
یہ پورا سنڈیکیٹ اس وقت بے نقاب ہوا جب عدنان شیخ کو گرفتار کرکے تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔ اس دوران حاصل ہونے والی معلومات نے پولیس کو کائنات تک پہنچایا۔
اس سے قبل باندرہ این سی یونٹ نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعات 8(سی) اور 22(سی) کے تحت 766 گرام ایم ڈی برآمد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا۔ تاہم، سینئر افسران کی منظوری کے بعد کائنات کے خلاف مکوکا کی دفعات 3(1)(ii)، 3(2) اور 3(4) کے تحت نیا مقدمہ قائم کیا گیا۔
یہ ممبئی پولیس کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ منشیات کے کسی کیس میں مکوکا نافذ کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس نے ریاستی اسمبلی میں سماج وادی پارٹی کے رکن ابوعاصم اعظمی کے مطالبے پر اعلان کیا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے مکوکا استعمال کیا جائے گا۔