ڈاکٹر کا حجاب پر اعتراض، ویڈیو وائرل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
ڈاکٹر کا حجاب پر اعتراض، ویڈیو وائرل
ڈاکٹر کا حجاب پر اعتراض، ویڈیو وائرل

 



جے پور/ آواز دی وائس
راجستھان کے ٹونک واقع ایک زنانہ اسپتال میں حجاب پہن کر ڈیوٹی کرنے کو لے کر ایک ڈاکٹر اور انٹرن طالبہ کے درمیان تکرار ہو گئی۔ اب اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو طالبہ نے خود بنائی تھی۔ ویڈیو میں وہ حجاب پہننے کی بات کرتے ہوئے اسے مذہبی عقیدے سے جوڑ رہی ہے جبکہ خاتون ڈاکٹر ڈیوٹی کے دوران حجاب نہ پہننے کے لیے کہہ رہی ہیں۔ اس ویڈیو کے منظرِعام پر آنے کے بعد معاملہ طول پکڑ گیا اور مسلم تنظیمیں اور کانگریس لیڈران اسپتال پہنچ کر اپنا احتجاج درج کرانے لگے۔
خاتون ڈاکٹر اور ایک انٹرن کے درمیان بحث کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں ڈاکٹر بندو گپتا ایک انٹرن سے کہہ رہی ہیں کہ ڈیوٹی کے دوران چہرہ صاف نظر آنا چاہیے، یہ مریضوں کے لیے ضروری ہے۔ اس پر انٹرن طالبہ امامہ نے جواب دیا کہ ڈیوٹی پر آتے وقت چہرہ دکھا دوں گی، حجاب میرے عقیدے سے جڑا ہوا ہے۔
مسلم تنظیموں اور کانگریس لیڈران کا احتجاج
ویڈیو میں طالبہ نے کہا کہ مریضوں نے کبھی اعتراض نہیں کیا۔ اس پر ڈاکٹر نے کہا کہ ہم اعتراض کریں گے، اگر تم نے غلط انجیکشن لگا دیا اور مریض کو کوئی ردِعمل ہوا تو یہ کیسے پتہ چلے گا کہ کس نے انجیکشن لگایا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد مسلم تنظیمیں اور کانگریس کے رہنما اسپتال پہنچے۔ انہوں نے اس معاملے پر احتجاج درج کرایا اور اسپتال کے انچارج ڈاکٹر ونود پرواریا سے متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپتال انتظامیہ کا ردِعمل
اسپتال کے انچارج ڈاکٹر ونود پرواریا نے اس معاملے میں تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ تین دن پہلے بھی اس سلسلے میں شکایت آئی تھی، اب اس معاملے کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔