احمد آباد: چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار دو روزہ گجرات دورے کے تحت جمعرات کو احمد آباد پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسی عظیم شخصیات کی جائے پیدائش اور کرم بھومی کا دورہ کرکے انہیں بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔ گیانیش کمار نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے احمد آباد کے سابرمتی آشرم کا دورہ کیا۔ اس دوران انہیں سابرمتی آشرم کی تزئین و آرائش سے متعلق منصوبے کے بارے میں معلومات دی گئیں۔
گجرات کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والے ایک پروگرام کے تحت وہ گاندھی نگر کی تاریخی اڈالاج کی باولی بھی پہنچے۔ اس سے قبل گجرات کے چیف الیکشن آفیسر سندیپ ساگلے، احمد آباد کے ضلع مجسٹریٹ بھویہ ورما اور دیگر افسران نے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گیانیش کمار کا استقبال کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کمار نے کہا، ’’یہاں آکر مجھے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔ گجرات مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسی عظیم شخصیات کی جائے پیدائش بھی رہا ہے اور کرم بھومی بھی۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’آج اور کل میں احمد آباد مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ارکان کے ساتھ ساتھ گجرات کے وقف اور پرعزم بوتھ سطح کے افسران (بی ایل او)، وائس چانسلرز، پرنسپلوں اور طلبہ سے مختلف پروگراموں میں بات چیت کروں گا۔‘‘
چیف الیکشن کمشنر نے سابرمتی آشرم کی وزیٹر بک میں لکھا، ’’میرے لیے اس مقدس مقام پر آنا اعزاز کی بات ہے، جہاں سے عالمی امن اور انسانیت کا پیغام پھیلا۔‘‘ سی ای سی جمعرات کو احمد آباد مینجمنٹ ایسوسی ایشن (اے ایم اے) کے احاطے کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ ’’ہندوستان میں انتخابی انتظام—دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت‘‘ کے موضوع پر لوگوں سے گفتگو کریں گے۔
گجرات دورے کے دوسرے روز کمار گجرات یونیورسٹی کے اٹل کلام آڈیٹوریم میں ریاست بھر کے 500 سے زیادہ بی ایل اوز سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد وہ احمد آباد کے اے یو ڈی اے آڈیٹوریم میں ووٹر لٹریسی کلب (ای ایل سی) کے ایک ہزار سے زیادہ ارکان سے گفتگو کریں گے۔
پروگرام کے دوران ای سی آئی این ای ٹی پر ایک معلوماتی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اسے انتخابات کے لیے ایک فعال ’’آل سلوشنز پلیٹ فارم‘‘ قرار دیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق گجرات کے چیف الیکشن آفیسر کی ٹیم نے ’’رول سے پول تک شفافیت‘‘ یعنی ووٹر لسٹ سے ووٹنگ تک شفافیت کی پہل کے تحت بی ایل اوز اور ای ایل سی ارکان کے ساتھ گیانیش کمار کی ایک خصوصی گفتگو کا بھی اہتمام کیا ہے۔