فاروق عبداللہ نے ویشنو دیوی کے درشن کیے

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-06-2025
فاروق عبداللہ نے ویشنو دیوی کے درشن کیے
فاروق عبداللہ نے ویشنو دیوی کے درشن کیے

 



سری نگر/ آواز دی وائس
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ  فاروق عبداللہ نے حال ہی میں ویشنو دیوی کے درشن کیے۔ وہ اُس وندے بھارت ٹرین کے ذریعے کٹرہ پہنچے، جسے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے سری نگر سے کٹرہ کے لیے روانہ کیا تھا۔ یہ ان کی وندے بھارت ٹرین میں پہلی سواری تھی۔
ماتا کے درشن کے بعد فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے دعائیں مانگیں کہ ملک میں امن ہو، ترقی ہو، بھائی چارہ قائم رہے اور ہم سب آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت اچھے درشن ہوئے جناب، مجھے امید ہے کہ جو ہم نے مانگا ہے، ماتا پورا کریں گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان ترقی کرے اور ہم سب بھی آگے بڑھیں۔
وندے بھارت ٹرین پر تبصرہ
فاروق عبداللہ نے سری نگر سے کٹرہ تک وندے بھارت ٹرین میں سفر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس نئی سہولت پر بے حد خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف ماتا ویشنو دیوی بلکہ بابا بھولے ناتھ کی یاترا کے لیے بھی زیادہ لوگ آئیں گے اور اس سے جموں و کشمیر کے سیاحت کے شعبے کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔
ماتا نے بلایا ہے
فاروق عبداللہ سری نگر کے نوگام ریلوے اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوئے، اور جب وہ کٹرہ اسٹیشن پر اترے تو جموں نیشنل کانفرنس کے صدر رتن لال گپتا اور نائب وزیر اعلیٰ سوریندر چودھری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماتا نے بلایا ہے، آیا ہے بلاوا شیرے والی کا۔
فاروق عبداللہ کی آنکھیں نم ہو گئیں
فاروق عبداللہ نے کہا کہ وندے بھارت ٹرین اور ریلوے ترقی کو دیکھ کر ان کی آنکھیں بھر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ریلوے نیٹ ورک سے جڑتے دیکھ کر دل خوشی سے بھر گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا ریل لنک امرناتھ یاترا میں بڑی تعداد میں یاتریوں کی آمد میں مدد کرے گا، جو اس سال 3 جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔ انہوں نے انجینئرز اور ورکرز کو اس کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔