گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے چھوٹے چائے کاشتکار اب فارمرز رجسٹری پورٹل پر اپنا اندراج کرا سکیں گے اور ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے حکومت کی مختلف سہولیات اور فوائد حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو فارمر آئی ڈی جاری کی جائے گی، جس کی مدد سے وہ کھاد، سرکاری اسکیموں کے فوائد، بہتر شرائط پر ادارہ جاتی قرض اور دیگر زرعی خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔ اگرچہ چائے کا شعبہ بدستور محکمۂ صنعت کے تحت رہے گا، تاہم اس اقدام سے چھوٹے چائے کاشتکار محکمۂ زراعت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے جمعہ کی شب سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا: "آج آسام کے لاکھوں چھوٹے چائے کاشتکاروں کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ چائے اور باغاتی اراضی کو فارمرز رجسٹری پورٹل میں شامل کر لیا گیا ہے۔" انہوں نے اس اقدام کو "گیم چینجر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ فارمر آئی ڈی نظام کے ذریعے ضرورت کے مطابق بروقت کھادکی فراہمی یقینی بنے گی، ایک ہی پلیٹ فارم پر سرکاری اسکیموں تک رسائی ممکن ہوگی، ادارہ جاتی قرض آسانی سے مل سکے گا اور کاشتکاروں کے استحصال میں دلالوں کا کردار کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چائے کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے ایک بڑا قدم ہے، جس سے وہ ایک ہی پلیٹ فارم پر حکومت کی تمام متعلقہ سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
آسام کے وزیر زراعت پیجوش ہزاریکا نے کہا کہ یہ فیصلہ ریاست کے چھوٹے چائے کاشتکاروں کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا، جو اس وقت آسام کی مجموعی چائے پیداوار میں تقریباً نصف حصہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا: "نسلوں سے آسام کے چھوٹے چائے کاشتکار اپنی محنت اور لگن کے ذریعے آسام کی چائے کی شناخت کو مضبوط کرتے آئے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ چائے اور باغاتی اراضی کو فارمرز رجسٹری پورٹل میں شامل کیے جانے سے اہل کاشتکار فارمر آئی ڈی حاصل کر سکیں گے اور سرکاری امداد و سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان کے مطابق حکومت کی توجہ اب اس بات پر ہے کہ ہر اہل چھوٹا چائے کاشتکار آسانی کے ساتھ اس ڈیجیٹل نظام کا حصہ بنے اور اسے وہ تمام سرکاری سہولیات ملیں جن کا وہ حق دار ہے۔