فریدآباد : دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے بعد پولیس کی تلاشی مہم جاری

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2025
فریدآباد : دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے بعد پولیس کی تلاشی مہم جاری
فریدآباد : دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے بعد پولیس کی تلاشی مہم جاری

 



فریدآباد: فریدآباد میں جموں و کشمیر کے ایک معالج کے کرائے کے دو کمروں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز اور آتش گیر مواد برآمد ہونے کے ایک دن بعد منگل کو ضلع کے مختلف حصوں میں پولیس کی وسیع تلاشی مہم جاری ہے۔ دہلی میں لال قلعہ کے قریب پیر کی شام ہونے والے دھماکے کا تعلق بھی فریدآباد کے مشتبہ دہشت گرد ماڈیول سے جوڑا جا رہا ہے۔

اس دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ ایک ٹیم الفلاح یونیورسٹی میں موجود ہے، جہاں کشمیری معالج پچھلے ساڑھے تین سال سے رہائش پذیر تھا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے عملے اور دیگر ڈاکٹروں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق متعدد پولیس اہلکار دھوج تھانہ علاقے میں تلاشی مہم چلا رہے ہیں

۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ حراست میں لیے گئے ایک مولوی نے بتایا کہ اس نے اپنا کمرہ ایک آٹو رکشا ڈرائیور کو کرائے پر دیا تھا، جس نے بعد میں ڈاکٹر مجمل کو “سامان” رکھنے کے لیے وہ کمرہ دے دیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، مجمل اور دو دیگر ڈاکٹروں سمیت آٹھ افراد کو جیشِ محمد اور انصار غزوتُ الہند سے وابستہ ایک “سفید پوش” دہشت گرد ماڈیول میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کوئل گاؤں کے رہائشی اور الفلاح یونیورسٹی میں معالج، مجمل غنی (35) کے فریدآباد میں کرائے کے دو کمروں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ وہ دہلی سے تقریباً 45 کلومیٹر دور دھوج میں الفلاح یونیورسٹی میں بطور معالج کام کر رہا تھا۔ دہلی میں پیر کے روز ہونے والے دھماکے سے پہلے فتیح پور ٹگا گاؤں کی داہر کالونی سے 2,563 کلوگرام دھماکہ خیز اور آتش گیر مواد برآمد کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے دہلی کے قریب فریدآباد میں کشمیری معالج کے کرائے کے کمروں سے 360 کلوگرام مشتبہ امونیم نائٹریٹ جیسا مادہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا تھا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فریدآباد پولیس اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 2,900 کلوگرام آتش گیر اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ مجمل کو جموں و کشمیر پولیس نے مطلوب شخص کے طور پر نامزد کیا تھا اور وہ سری نگر میں جیشِ محمد کی حمایت میں پوسٹر لگانے کے معاملے میں ملوث تھا۔