وی سی بننے کے چکر میں ٹھگا گیا پروفیسر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-09-2022
وی سی بننے کے چکر میں ٹھگا گیا پروفیسر
وی سی بننے کے چکر میں ٹھگا گیا پروفیسر

 

 

 دہلی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کو یونیورسٹی کا وی سی بننے کا لالچ دے کر ان سےلاکھوں کا دھوکہ دینے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

آج کل دھوکہ دہی کرنے والے ٹھگ مختلف طریقوں سے جعل سازی کا کام کر رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ دہلی سے سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص نے دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر کو دوسری یونیورسٹی کا وائس چانسلر (وی سی) بنانے کا بہانہ کر کے لاکھوں روپے ان سے لے لیے۔ پولیس نے اب اس دھوکہ باز کو  8 ستمبر2022 کو گرفتار کرلیا ہے۔

دھوکہ دہی کرنے والے شخص کا تعلق ریاست ہریانہ کے شہر فریدآباد سے ہے۔  ملزم کی شناخت نریندر کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم نریندر نے دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر ترون کمار سے جھوٹا وعدہ کیا تھا کہ وہ اسے سری نگر یونیورسٹی میں وائس چانسلر(VC) کا عہدہ دلوائیں گے۔ اس لالچ کی بنیاد پر اس نے مبینہ طور پر ڈلی یونیورسٹی کے پروفیسر کو 34 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا تھا۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب دہلی کے اشوک وہار کے ستیہ وتی کالج کے پروفیسر ترون کمار نے 5 ستمبر2022 کو ملزم نریندر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پروفیسرنے درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا کہ وہ کافی عرصہ پہلےکالج میں ملزم سے ملا تھا۔ ملزم نے خود کو سیاست میں ایک بااثر امیج کے حامل شخص کے طور پر پیش کیا تھا۔

شکایت کے مطابق ملزم نے ترون سے سری نگر یونیورسٹی میں وائس چانسلر کا عہدہ دلانے کا وعدہ کیا تھا جس کے لیے اس نے پروفیسر سے 34 لاکھ روپے وصول کئے۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ جب انہوں نے ملزم کو رقم دی تو وہ ٹال مٹول کرنے لگا۔ایسے میں ڈی یو کے پروفیسر ترون نے ملزم نریندر سے اپنے پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا، جس میں اس نے اسے صرف 6 لاکھ روپے واپس کئے۔

ملزم کی گرفتاری کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے فرید آباد کے ڈی سی پی (سنٹرل) مکیش ملہوترا نے کہا کہ ملزم نے اب تک دہلی این سی آر، ہریانہ، اتر پردیش اور آسام میں اسی طرح کی پیشکش کے ذریعے بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔  پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کی ،جس کے بعد ملزم نریندر کو جمعرات 8 ستمبر2022 کو گرفتار کر لیا گیا۔