فڑنویس نے پانچپاولی کووڈ ہیلتھ سنٹر کے دورے کے دوران جماعت اسلامی کی ستائش کی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-04-2021
مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلی  دیویندر فڑنویس  دیگر  لیڈران کے ساتھ
مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس دیگر لیڈران کے ساتھ

 

 

 ناگپور

مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلی اورمہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، دیویندر فڑنویس نے 23اپریل کو این ایم سی، میڈیکل سروس سوسائٹی اور جماعت اسلامی ہند کے مشترکہ انتظام میں چل رہے پانچ پاولی کووڈ ہیلتھ سنٹر، ناگپورکا دورہ کیا۔ انہوں نے کووڈ سنٹر میں انتظامیہ، ڈاکٹروں اور مریضوں کے ساتھ وقت گزارا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

فڑنویس نے جماعت اسلامی ہند، ناگپور اور میڈیکل سروس سوسائٹی کیستائش کرتے ہوئے کہا کہ ''آج ہمارے معاشرے کو ایسے لوگوں اور تنظیموں کی ضرورت ہے جو لوگوں کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں اور جو ان کے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمیں اس بات پر خوشی ہوئی ہے کہ جماعت اسلامی ہند اس کام کے لئے آگے آرہی ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ اس وبا کے دور میں لوگوں کو مدد ملے۔

سابق وزیراعلیٰ کے ساتھ دیا شنکر تیواری (میئر، ناگپور میونسپل کارپوریشن)، ڈاکٹر سنجے چلکر (میڈیکل آفیسر ناگپور میونسپل کارپوریشن) اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔

کووڈ ہیلتھ سینٹر کا افتتاح یکم اپریل کو ناگپور سٹی میئر نے کیا تھا۔ مہاراشٹرا کانگریس کے چیف نانا پٹولے، مہاراشٹر کابینی وزیر، نتن راؤت، ارکان اسمبلی اور دیگر لیڈروں سمیت اہم شخصیات نے کووڈ ہیلتھ مرکز کا دورہ کیا ہے اور جماعت کے اس قدم کو سراہا ہے۔ کووڈ سینٹر میں 78 بیڈز کی گنجائش ہے۔ صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہونے والے مریضوں کی اوسط تعداد 15 سے 20 ہے۔ اب تک 250 سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس کووڈ ہیلتھ مرکز کا انتظام ناگپور میونسپل کارپوریشن، میڈیکل سروس سوسائٹی اور جماعت اسلامی ہند، ناگپور مشترکہ طور کررہے ہیں۔