ممبئی/ آواز دی وائس
بالی وُڈ کے مشہور و ممتاز اداکار دھرمیندر پیر کے روز 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ ان کا آخری سفر انتہائی خاموشی میں کر دیا گیا۔ ان کے مداح اپنے ہیرو کے آخری دیدار کے انتظار میں ہی رہ گئے، لیکن خاندان نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ اس بات سے دھرمیندر کے چاہنے والے بہت ناراض اور افسردہ ہیں۔ ہر کوئی یہی سوال کر رہا ہے کہ بالی وُڈ کے ہی مین ایسی خاموش رخصت کے حقدار تو نہیں تھے، پھر ایسا کیوں ہوا؟
ایک مداح نے کہا کہ ان کو گھر کے باہر ایسی جگہ رکھنا چاہیے تھا کہ سب لوگ اپنے عظیم ہیرو کے آخری جھلک دیکھ سکتے ۔ دوسرے مداح نے افسوس کے ساتھ کہا کہ انہیں زندگی بھر یہ ملال رہے گا کہ وہ دھرمیندر کے آخری دیدار نہ کر سکے۔ دھرمیندر کے ایک اور مداح نے روتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ ایک اور مداح نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ دھرمیند قومی ایوارڈ اور سرکاری اعزاز کے حقدار تھے۔
بہت سے لوگوں کے پاس کہنے کو الفاظ ہی نہیں تھے۔ کئی لوگ یہ محسوس کر رہے تھے کہ جیسے ان کا کوئی اپنا بچھڑ گیا ہو۔ دھرمیندر کے مداح کا یہی بے حد پیار تھا جو ان کی آوازوں میں لرزش بن کر باہر آ رہا تھا۔
اس سوال کا جواب فی الحال کسی کے پاس نہیں ہے کہ دھرمیندر کے انتقال کی خبر ملک اور میڈیا کو کیوں نہیں دی گئی۔ یہاں تک کہ آخری رسومات کے وقت تک بھی ان کے انتقال کی صحیح خبر عام نہیں ہوئی تھی۔ جب خاندان کے لوگ شمشان گھاٹ کی طرف جاتے نظر آئے تو صرف اندازے ہی لگائے جا رہے تھے۔ خاندان کی جانب سے کوئی سرکاری بیان بھی جاری نہیں کیا گیا تھا، اسی وجہ سے کچھ بھی واضح نہیں تھا۔
جب آخری رسومات کے دوران بالی وُڈ شخصیتیں شمشان گھاٹ پہنچنے لگیں تو شک اور بھی گہرا ہو گیا۔ کافی دیر بعد ایک نیوز ایجنسی کے ذریعے یہ بات تصدیق شدہ ہوئی کہ دھرمیندر اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ ان کے مداح کو اس بات پر یقین ہی نہیں ہو رہا تھا۔