نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی جی آئی) پر 23 سالہ نوجوان کو جعلی شناختی کارڈ اور جعلی تقرری کے دستاویزات کے ذریعے خود کو دہلی پولیس کا سب انسپکٹر ظاہر کر کے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک افسر نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔
ملزم کی شناخت سہیل کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو راجستھان کے ضلع الور کے لاد پور گاؤں کا رہنے والا ہے۔ ملزم دہلی پولیس کے اہلکاروں سمیت خواتین سے دوستی کرنے اور انہیں نشانہ بنانے کے لیے ان جعلی دستاویزات کا استعمال کرتا تھا۔
کمار کو پیر کے روز اس وقت حراست میں لیا گیا جب اس نے دہلی پولیس کا لوگو بنی ہوئی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ کمار کو ٹرمینل-3 پر معمول کی نگرانی کے دوران سی آئی ایس ایف (سنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس) کے اہلکاروں نے حراست میں لیا۔
آئی جی آئی ایئرپورٹ کی ایڈیشنل پولیس کمشنر اُوشا رنگنانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران وہ اپنی مبینہ تعیناتی کے بارے میں کوئی قابلِ اعتماد وضاحت نہیں دے سکا اور ٹال مٹول کرتا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران اس کے پاس سے "پی ایس آئی دہلی پولیس" درج ایک مشتبہ شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ بعد میں اس شناختی کارڈ کے ساتھ ایک جعلی تقرری نامہ، ایک ہینڈ بیگ جس میں خالی روزنامچہ (رجسٹر) اور دہلی پولیس اکیڈمی (ڈی پی اے) کی مبینہ مہر والے صفحات سمیت دیگر دستاویزات بھی برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔
سی آئی ایس ایف نے اس معاملے میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد 7 جولائی کو آئی جی آئی ایئرپورٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ افسر نے بتایا کہ کمار کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اس معاملے کی مکمل جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) بھی تشکیل دی گئی ہے۔
سخت پوچھ گچھ کے دوران کمار نے اعتراف کیا کہ اس نے دہلی پولیس کے اہلکاروں سمیت خواتین کو متاثر کرنے اور دھوکہ دینے کے مقصد سے خود کو 2024 بیچ کا سب انسپکٹر ظاہر کیا تھا۔